غیرقانونی تعمیرات، قبضوں پر وائلڈ لائف ، کمشنر سے رپورٹ طلب

عدالت عظمیٰ نے غیرقانونی تعمیرات اور قبضے سے متعلق کیس میں وائلڈ لائف ، سیکریٹری آبپاشی اور کمشنر سکھر سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی ہے ۔عدالت عظمی نے میونسپل کارپوریشن سکھر کی لب مہران پارک کی حوالگی سے متعلق درخواست مسترد کردی۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل بینچ کے روبرو لب مہران پارک پر غیر قانونی تعمیرات اور قبضہ سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران میونسپل کارپوریشن سکھر کے وکیل رفیق کلہوڑ نے بتایا کہ سندھ ہائیکورٹ نے مہران پارک محکمہ آبپاشی کے حوالے کر دیا۔ ناظم کے دور میں پارک کا نظام زبانی طور پر میونسپل کو سونپا گیا تھا، پارک کا انتظام باقاعدہ سکھر میونسپل کو دیا جائے تاکہ اس کی بہتر دیکھ بھال ہوسکے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے آپ کا کوئی حق نہیں بنتا، ہینڈ اوور سے پارک کی ملکیت کا دعوی نہیں کرسکتے۔ جسٹس قاضی محمد امین احمد نے ریمارکس دیئے سکھر میں بچوں کو کتے کاٹ رہے ہیں۔ آپ کے پاس ویکسین تک نہیں۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس میں کہا کہ آپ پارک کا انتظام کسی اور وجہ سے لینا چاہتے ہیں۔ آپ نے وہاں لوگوں کو سب لیز دے رکھی ہیں۔

 جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ کیا سمجھتے ہیں ہم نے سکھر نہیں دیکھا۔ ہم نے سکھر کا ایک ایک چپا چپا دیکھا ہے۔سکھر کی تباہ حالی اور کچھوؤں کی دیکھ بھال نہ ہونے پر چیف جسٹس برہم ہوگئے اور ریمارکس دیئے  کہ دریائے سندھ سے ہزاروں کچھوے نکلتے ہیں کوئی دیکھ بھال کرنے والا نہیں۔ سکھر انتظامیہ کا حال ہمارے سامنے ہے سب ہمیں پتا ہے ۔

سارے کچھوے گاڑیوں کے نیچے آکر مرجاتے ہیں ، کیا چھوڑا ہے سکھر میں؟ تباہ کردیا ہے پورا سکھر ، ڈولفنز بھی ساری ختم کردی گئیں، کرتے کیا ہیں یہ لوگ؟ کچھوؤں کو ایک محفوظ راستہ نہیں دے سکتے کہ وہ دریا سے نکل کر کینال میں چلے جائیں۔سپریم کورٹ  نے کچھوؤں کیلئے محفوظ راستہ بنانے کا حکم دیتے ہوئے دریا سے نکلنے والے کچھوؤں کی ہر ممکن حفاظت کے اقدامات کی ہدایت کردی۔

عدالت نے وائلڈ لائف، سیکریٹری آب پاشی، کمشنر سکھر کو آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا جبکہ سندھ حکومت اور میونسپل کارپوریشن سکھر کو بھی انتظامات کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے میونسپل کارپوریشن سکھر کی لب مہران پارک کی حوالگی سے متعلق درخواست مسترد کردی۔

Back to top button