آئی سی سی ، بھارتی بورڈ‌ میں نشریاتی حقوق کی نئی جنگ شروع

آئی سی سی اور بھارت کرکٹ بورڈ کے درمیان آئندہ آٹھ سالوں‌ کے نشریاتی حقوق کی فروخت کے حوالے سے نئی جنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔

آئی سی سی کو اگلے 8 سالہ دورانیے میں شیڈول ورلڈ کپس اور چیمپئنز ٹرافی سمیت گلوبل ایونٹس کے براڈ کاسٹر پارٹنر کی تلاش ہوگی، وہیں بی سی سی آئی بھی آئی پی ایل کے نشریاتی حقوق کیلئے منہ مانگے دام وصول کرنے کی بھرپور کوشش کرے گا۔

آئی سی سی کی جانب سے صرف ڈیجیٹل حقوق کیلئے پیشکشیں طلب کیے جانے کا امکان ہے، اس معاملے میں ایمازون مضبوط امیدوار کے طور پر دکھائی دے رہا ہے جو پچھلے دورانیے میں صرف ڈیجیٹل حقوق کیلئے زیادہ بولی دے چکا ہے البتہ تب موجودہ حقوق ہولڈر کو ٹی وی کی وجہ سے دونوں حقوق دے دیئے گئے تھے۔

انٹرنیشنل کرکٹ‌ کونسل نے کچھ عرصہ قبل عندیہ دیا کہ وہ اپنے میگا ایونٹس کے حقوق بھارت کیلئے الگ اور باقی دنیا کیلئے الگ فروخت کے لیے پیش کرے گا اور اس حوالے سے بھارتی ڈیجیٹل اور ٹی وی گروپس کو بڑھ چڑھ کر بولی لگانے کی اجازت تھی ، اس عمل سے بھارتی کرکٹ بورڈ کو اپنی پروڈکٹس کیلئے کم بولی وصول ہونے کے بھی خطرات درپیش ہیں۔

Back to top button