لیگو کمپنی نے ٹائیٹینک جہاز کا ماڈل متعارف کروا دیا

بچوں‌ کے کھلونوں کی معروف کمپنی لیگو نے پلاسٹک کے ٹکڑوں‌ کو جوڑ‌کر تخلیقی اشیا بنانے میں تاریخ کا سب سے بڑا ماڈل متعارف کروا دیا ہے جو کہ مشہور بحری جہاز ٹائیٹینک کا چھوٹا ماڈل ہے ، ٹائی ٹینک کا ماڈل 9 ہزار سے زائد ٹکڑوں پر مبنی ہے۔

اپنے پہلے ہی سفر میں غرقاب ہوجانے والے ٹائٹینک کا ماڈل 53 انچ طویل ہے جسے تین حصوں میں جوڑا جاسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لیگو کی مدد سے آپ اس کے اندر کا پورا منظر بھی تشکیل دے سکتےہیں۔ اس کی ڈیزائننگ میں ماڈل کو عین اصلی بحری جہاز پر ڈھالا گیا ہے۔ اس میں سیڑھیاں ہیں ، انجن روم ہے اور فرنیچر وغیرہ بھی موجود ہے۔

یاد رہے کہ ٹائٹینک بحری جہاز دس اپریل 1912 کو برطانیہ سے نیویارک کی جانب روانہ ہوا تھا اور 14 اپریل کو برفانی تودے سے ٹکرا کر صرف تین گھنٹے میں ہی غرقاب ہوگیا تھا۔ اس میں 2223 مسافرسوار تھے جن میں سے 1517 لقمہ اجل بن گئے تھے ، یہ ماڈل اصل جہاز کے دو سوویں حصے کے برابر ہے۔ یکم نومبر کے بعد سے صارفین اس کا آرڈر دے سکتے ہیں جس کی قیمت 629 ڈالر رکھی گئی ہے۔

Back to top button