جہانگیر ترین کا پنجاب نمبر گیم میں اپنے کردار کا اعتراف

پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین نے پہلی مرتبہ عوامی سطح پر اس بات کا کھلے عام اعتراف کیا ہے کہ انھوں‌ نے پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت بنانے کے لیے اہم کردار ادا کیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین نے یہ اعتراف ضلع لودھراں کی تحصیل کہروڑ پکہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر جہانگیر ترین نے بڑھتی مہنگائی پر حکومت کو تنقید کا بھی نشانہ بنایا اور حکمرانوں کو مشورہ دیا کہ وہ دیگر تمام مسائل کو ایک طرف رکھیں اور پہلے مہنگائی پر قابو پانے کی کوشش کریں۔

اسمبلی ارکان کی پی ٹی آئی میں شمولیت کےلیے طیاروں کے استعمال کا ذکر بھی جہانگیر ترین کی زبان پر آگیا۔جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ الیکشن سے 6 مہینے پہلے مجھے بہت ہی غلط اور فضول فیصلے سے نا اہل کیا گیا اور پھر 2018 کے الیکشن کے بعد جب ہماری حکومت بن گئی تو باقاعدہ سازش کے تحت مجھے خان صاحب سے الگ کردیا گیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں تحریک انصاف کامیاب ہوئی لیکن کچھ سیٹیں کم ہوئیں تو پھر آپ کو پتہ ہےکہ جہاز چلا۔ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ سے پی ٹی آئی کی 8 سیٹیں کم تھیں، خان صاحب کا پیغام آیا کہ پنجاب کے بغیر حکومت کا فائدہ نہیں، جس پر میں نےکہا، فکر نہ کریں۔

Back to top button