ملک بھر میں ڈینگی کیسز خطرناک حد تک بڑھنے لگے

ملک بھر میں ڈینگی کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے لگا ہے ، اسلام آباد میں ڈینگی کے 61 نئے مریض سامنے آ گئے ہیں‌ ،لاہور میں 184، راولپنڈی میں 71 ، پنجاب بھر میں 261 ، کراچی میں 66 افراد ، خیبر پی کے میں 198 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈی ایچ او اسلام آباد کے مطابق اسلام آباد میں اس وقت ڈینگی سے 1403 افراد متاثر ہیں جبکہ اب تک 5 افراد ڈینگی کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں اب تک مجموعی طور پر 937 اور شہری علاقوں میں 466 افراد ڈینگی سے متاثر ہو چکے ہیں۔

راولپنڈی میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ڈینگی مریضوں کی تعداد 600 سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ صرف لاہور سے184 نئے مریض سامنے آئے۔ کراچی کا ضلع وسطی ڈینگی کا گڑھ بن گیا ہے جہاں اب تک ایک سال کے بچوں سے لے کر 65 سال کے 66 افراد بھی ڈینگی سے متاثر ہوچکے ہیں۔

محکمہ صحت نے کراچی کے 46 علاقوں کو ہاٹ سپاٹ قرار دیدیا ، خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے مزید198 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ صرف پشاور سے 68 مریض سامنے آ گئے ہیں۔

Back to top button