لمحہ بہ لمحہ صورتحال بدل رہی ، عقلمندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک غلط چیز پر جاہلانہ انداز میں کھڑے ہیں ، لیفٹیننٹ جنرل آرمی چیف کے حکم کا پابند ہوتا ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لمحہ بہ لمحہ صورتحال بدل رہی ہے، بڑی عقلمندی کے ذریعے ان حالات سے نکلنا ہوگا۔انھوں‌ نے کہا کہ آئین کے مطابق فیصلے کریں گے تو مشکل پیش نہیں آئے گی ، فکر اس بات کی ہے کہ ملک کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔

موجودہ صورتحال پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ فوج واحد منظم ادارہ ہے جو پاکستان کی واحد اُمید ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل آرمی چیف کے حکم کا پابند ہے، یہ اختیار اس حد تک نہیں کہ کوئی اس پر ڈٹ جائے، وزیراعظم ایک غلط چیز پر جاہلانہ اندازمیں کھڑے ہیں۔

فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو فوج کے معاملات میں اس حد تک مداخلت نہیں کرنی چاہئے کہ نظام متاثر ہو، تمام معاملات مشاورت کے ساتھ چلتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ مشکلات اسی وجہ سے آئیں کہ پارلیمنٹ میں فوج اور فوج کے کام میں کسی اور نے مداخلت کی۔

حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ملک پر مسلط لوگوں سے قوم کو آزاد کرانا چاہتےہیں، یہ حکمران پاکستان کو ڈبونے کیلئے آئے ہیں۔

Back to top button