سینیٹ انتخابات: پنجاب میں تمام نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب

سینیٹ انتخابات کے لیے پنجاب کی تمام 11 نشستوں میں امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔
ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق جنرل، ٹیکنوکریٹس اور خواتین کی نشستوں پر تمام جماعتوں کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں۔ان 11 نشستوں میں سے 5 پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، 5 پر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور ایک پر مسلم لیگ (ق) کی امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔
پی ٹی آئی کے اعجاز چوہدری، عون عباس اور سیف اللہ سرور نیازی نے جنرل، بیرسٹر علی ظفر نے ٹیکنوکریٹ اور ڈاکٹر زرقا تیمور نے خاتون نشست پر کامیابی حاصل کی۔
مسلم لیگ (ن) کے افنان اللہ خان، ساجد میر اور عرفان الحق صدیقی نے جنرل، اعظم تارڑ نے ٹیکنوکریٹ اور سعدیہ خاقان عباسی نے خواتین کی نشست پر بلامقابلہ منتخب ہوگئیں۔اسی طرح مسلم لیگ (ق) کے کامل علی آغا بھی پنجاب سے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔
الیکشن کمیشن پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ (ن) لیگ کے زاہد حامد، بلیغ الرحمٰن اور سیف الملوک کھوکھر، پی ٹی آئی کے سرفراز چیمہ اور ملک ظہیر عباس، پیپلز پارٹی کے عظیم الحق منہاس اور آزاد امیدواروں نے اپنے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کامیاب سینیٹرز کا نوٹی فکیشن 3 مارچ کے بعد ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان جاری کرے گا۔
پنجاب میں سینیٹ کے بلامقابلہ انتخاب کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ذرائع کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے اس سلسلے میں مبینہ طور پر مرکزی کردار اداکیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی نے عطا تارڑ کے ذریعے مسلم لیگ ن کی قیادت سے رابطہ کیا اور پرویز الہٰی نے سابق صدر آصف علی زرداری سے بھی فون پر رابطہ کیا۔پرویز الٰہی کے رابطےکے بعد پیپلزپارٹی نے پنجاب سے اپنا امیدوار واپس لیا اور پرویز الہٰی کے رابطہ کرنے پر ہی ن لیگی قیادت نے اپنے زائد امیدواروں کےکاغذات واپس لیے ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اسپیکرپنجاب اسمبلی کی کاوشوں سے ہی پنجاب میں عددی تعداد کے مطابق امیدوارکامیاب ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں سینیٹ (ایوانِ بالا) کی 48 نشستوں پر انتخابات 3 مارچ کو منقعد ہوں گے جس کی تیاریوں میں روز بروز تیزی آتی جارہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button