خون گاڑھا ہونے کے واقعات: یورپین اتھارٹی نے ایسٹرازینیکا ویکسین کو محفوظ قرار دیدیا

یورپین میڈیسین ایجنسی (ای ایم اے) نے قرار دیا ہے کہ ممکنہ مضر اثرات کے حوالے سے کچھ خدشات کے باوجود ایسٹرازینیکا ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے۔
یہ اعلان 18 مارچ کو اس وقت کیا گیا جب یورپ میں متعدد ممالک نے ایسٹرازینیکا ویکسین کا استعمال خون گاڑھا ہونے یا بلڈ کلاٹس کے 30 کے قریب کیسز کے بعد عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔ ای ایم اے نے بتایا کہ ویکسین کے فوائد ممکنہ خطرات سے بہت زیادہ ہیں اور ایجنسی نے ویکسین کی کھیپ میں مسائل یا اس کے معیار کے مسائل کو دریافت نہیں کیا۔ تاہم یورپین ایجنسی نے یہ بھی کہا کہ وہ ابھی یہ واضح طور پر یہ کہنے سے قاصر ہے کہ ویکسین کا بلڈ کلاٹس کے واقعات سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔ ایک پریس بریفننگ کے دوران ای یم اے کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایمر کوکی نے بتایا ‘یہ ایک محفوظ اور مؤثر ویکسین ہے’۔ انہوں نے کہا ‘لوگوں کو کووڈ سے تحفظ، اسپتال میں داخلے اور موت سے بچانے کےلیے ویکسین کے فوائد اس کے ممکنہ خطرات سے بہت زیادہ ہیں، کمیٹی نے یہ بھی نتیجہ نکالا ہے کہ ویکسین سے بلڈ کلاٹس کا مجموعی خطرہ نہیں بڑھتا، تاہم ہم کیسز اور ویکسین کے درمیان کسی تعلق کو مسترد نہیں کرسکتے’۔ ای ایم اے کا کہنا تھا کہ اس کی جانب سے بلڈکلاٹس اور ویکسین کے درمیان ممکنہ تعلق کے حوالے سے تحقیق جاری رہے گی، جب کہ ویکسین گائیڈلائنز کو اپ ڈیٹ کرکے ممکنہ خطرات کی وضاحت کی جائے گی۔ ای ایم اے کے بیان میں بتایا گیا کہ برطانیہ اور یورپی یونین میں 2 کروڑ افراد کو یہ ویکسین 16 مارچ تک استعمال کرائی گئی، جس دوران بلڈ کلاٹس کے محض 7 جب کہ پلیٹلیٹس کی کمی کے 18 کیسز سامنے آئے، جن کا ویکسین کو کوئی تعلق ابھی ثابت نہیں ہوا، مگر ایسا ممکن ہے اور اس حوالے سے مزید تجزیے کی ضرورت ہے۔ ایسٹرازینیکا ویکسین استعمال کرنے والے افراد میں بلڈ کلاٹس کی اولین رپورٹس آسٹریا میں سامنے آئی تھیں، جس سے تشویش کی لہر پیدا ہوئی اور وہاں ویکسین کی ایک مخصوص کھیپ کی ویکسینیشن روک دی گئی۔ آسٹریا کے بعد گزشتہ ہفتے آسٹریا، ڈنمارک، ناروے اور آئس لینڈ میں اس ویکسین کا استعمال عارضی طور پر روک دیا گیا جب کہ 14 مارچ کو نیدرلینڈز اور آئرلینڈ کی جانب سے بھی ایسا کیا گیا۔ 15 مارچ کو یورپی یونین کے 3 بڑے ممالک فرانس، جرمنی اور اٹلی کے ساتھ ساتھ اسپین، لٹویا اور سلوانیا نے ان خدشات کے باعث ایسٹرازینیکا کی ویکسینیشن معطل کردی جب کہ 16 مارچ کو سوئیڈن اور لگسمبرگ بھی اس فہرست میں شامل ہوگئے۔ عالمی ادارہ صحت نے 17 مارچ کو بتایا تھا کہ کووڈ 19 کی روک تھام کےلیے ویکسینیشن سے دیگر وجوہات سے بیماری یا موت کا خطرہ کم نہیں ہوتا، پلیٹلیٹس میں کمی کے واقعات کافی عام ہوتے ہیں۔ عالمی ادارے نے کہا کہ ویکسین کے فوائد ممکنہ خطرات سے زیادہ ہیں اور ہم تجویز کرتے ہیں کہ ویکسینیشن کو جاری رکھنا چاہیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button