حکومت پنجاب کا 5 اگست تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ

حکومت پنجاب نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر 28 جولائی کو رات 12 بجے سے 5 اگست تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کے مطابق کرونا کے پھیلاو کو روکنے کے لیے 28 جولائی 12 بجے سے آئندہ 9 روز تک سخت لاک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہ عیدالاضحیٰ سے قبل تمام مویشی منڈیوں میں سختی سے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز(ایس او پیز) پر عملدرآمد کروایا جائے گا۔
مذکورہ فیصلہ وزیراعلیٰ ہاؤس پنجاب میں صوبائی وزیر قانون راجا بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں صوبائی وزرا ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، فیاض الحسن چوہان اور چیف سیکریٹری پنجاب سمیت متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔کابینہ کمیٹی کے اجلاس بریفننگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے کوئی موت بھی واقع نہیں ہوئی۔اجلاس میں وزیر قانون راجا بشارت نے کہا کہ حکومت کورونا کو شکست دینے کے قریب ہے اور اب لاپروائی سے دوبارہ کیسز کی تعداد کہیں پھر بڑھ نہ جائے۔انہوں نے کہا کہ صو بے میں لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل اسٹورز، گروسری اسٹورز، ٹرانسپورٹ اور دفاتر کھلے ہوں گے اور صرف مارکیٹیں بند ہوں گی۔
صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ عید کے موقع پر مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور انہوں نے مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہ کروانے پراظہار برہمی کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عیدالاضحیٰ کی نماز اور قربانی کے اجتماعات کے لیے بننے والے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔راجا بشارت کا کہنا تھا کہ عید کے بعدنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کھولنے کی سفارش جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت پنجاب نے وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے صوبے میں ‘اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
مویشی منڈیوں میں ‘اسمارٹ لاک ڈاؤن ‘ اور ایس او پیز کے نفاذ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکریٹری جواد رفیق ملک نے کہا تھا کہ حکومت کے لیے انسانی جانوں کا تحفظ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور مویشی منڈیوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد سمیت ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ چیف سیکریٹری نے کہا تھا کہ لاہور سمیت صوبے کے دیگر متاثرہ شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور اس کے بعد سے کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد کم ہوتی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ عیدالاضحیٰٰ سے قبل بازاروں میں خریداری کی سرگرمیاں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو تیز کرسکتی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ عید الفطر کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کے مفاد میں فیصلہ بڑے پیمانے پر کیا گیا۔
چیف سیکریٹری نے تمام ڈویژنل کمشنرز سے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی، جس میں ماسک پہننے اور مویشی منڈیوں میں عمر رسیدہ افراد اور بچوں کے داخلے پر پابندی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت، مقامی حکومت اور لائیو اسٹاک کے عہدیداروں کو مویشی منڈیوں میں تعینات کرنا چاہیے اور معائنہ کرنے کے لیے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button