سردی کے امراض سے بچانے والے پھل

سردیوں کی آمد آمد ہے جس میں نزلہ زکام سمیت کئی مسائل سر اٹھاتے ہیں۔ تاہم بزرگوں نے کہا ہے کہ ہر موسم کا پھل اور سبزی کھانے سے اسی موسم کے منفی اثرات سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔سردیوں میں ہاتھ پیر سن ہونا عام بات ہے جس کے بہت سے منفی اثرات بھی ہوتے ہیں۔ اس ضمن میں نارنجی کا رس ایک بہترین ٹانک ثابت ہوسکتا ہے۔

بالخصوص ایسے بزرگ جو ہاتھ پیر سن ہونے کی شکایت کرتے ہیں اگر دن میں ایک مرتبہ ایک گلاس اورنج جوس پیا جائے تو اس سے خون کی باریک رگیں کھلنے لگتی ہیں اور خون کا بہاؤ بہت بہتر ہونے لگتا ہے۔ اس ضمن میں ہزاروں افراد پر ایک سروے کیا گیا تو اس کے حیرت انگیز نتائج برآمد ہوئے۔ اب جان لیجے کہ دورانِ خون بڑھنے سے خود سردی کی شدت کم محسوس ہونے لگتی ہے۔

لیکن یاد رہے کہ چکوترا (گریپ فروٹ)، لیموں، کینو اور سنگترے کا رس بھی یکساں فائدہ دے سکتا ہے۔ یہ تمام لذیذ پھل وٹامن سی سے مالا مال ہیں جو بدن کے اندرونی دفاعی (امنیاتی) نظام کو مضبوط کرتے ہیں اور ہمیں سردی اور اس سے وابستہ امراض سے بچاتے ہیں۔دوسرا پھل سیب ہے جو فائبراور کئی طرح کے اینٹی آکسیڈنٹس سے مالامال ہے۔ سردیوں میں اس پھل کا استعمال قدرتی طور پر آپ کو مضبوط بناکر سردی اور اس کی تکالیف سے بچاتا ہے۔

تیسرا پھل کیوی ہے جو قدرے مہنگا تو ہے لیکن یہ بھی سردیوں سے بچاتا ہے۔ کیوی میں موجود اہم اجزا سردی کی بے چینی دور کرتے ہیں اور گہری نیند لاتے ہیں۔ وہ خواتین و حضرات جو بے خوابی میں مبتلا ہیں وہ سونے سے ایک گھنٹہ قبل کیوی کے دو پھل کھائیں تو اس سے اچھی اور گہری نیند آتی ہے۔

Related Articles

Back to top button