اداکارہ انوشے اشرف شوبز میں آنے سے قبل کیا بننا چاہتی تھیں؟

معروف ماڈل و اداکارہ انوشے اشرف نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شوبز میں آنے سے قبل صحافی بننا چاہتی تھیں، اے لیول کرنے کے بعد ’انڈس وژن‘ نامی ایک ٹی وی چینل سے انٹرنشپ کر کے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
انوشے اشرف حال ہی میں سما ٹی وی کے شو ’’حد کر دی‘‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کیں، اداکارہ نے گزشتہ ماہ مئی میں ماڈل حسنین لہری اور نمرہ جیکب کے درمیان جھگڑے کے معاملے پر مبہم انداز میں بات کرتے ہوئے ماڈلز کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ انہیں اس بات کا علم نہیں کہ دونوں کے درمیان کس بات پر جھگڑا ہوا۔
اداکارہ کے مطابق انٹرنشپ کے چند دن بعد ان کی ملاقات ٹی وی چینل کے مالک سے ہوئیں، جنہوں نے انہیں دیکھتے ہی کہا کہ وہ لڑکیوں کی تلاش میں ہیں، کیوںکہ وہ میوزک پروگرام شروع کر رہے ہیں، جس کی میزبانی کے لیے انہیں نئی لڑکی کی ضرورت ہے۔
ماڈل اور میزبان نے بتایا کہ چینل کے مالک نے انہیں اسی وقت ہی آڈیشن دینے کا کہا، جس کے بعد انہیں میزبان کی پیش کش کی گئی اور یوں ہی ان کا بطور میزبان کیریئر شروع ہوا، اداکارہ کے مطابق ماہرہ خان سمیت کئی اداکاراؤں نے ان کے ساتھ ہی بطور ویڈیو جوکی (وی جے) کیریئر شروع کیا تھا لیکن بعد میں سب اداکاری مین چلی گئیں۔
انوشے نے بتایا کہ انہیں شروع سے ہی اداکاری کرنے کا زیادہ شوق نہیں تھا، اس لیے میزبانی پر ہی توجہ دی، اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ انہیں شروع سے ہی سٹار بننے کا زیادہ شوق نہیں تھا اور بعد میں انہیں اس بات کا بھی احساس ہو چکا تھا کہ سٹار بننے کیلئے شوبز میں آنا لازمی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دور میں سٹار بننا مزید آسان ہو گیا ہے، اب جس کے سوشل میڈیا پر زیادہ فالوورز ہوتے ہیں، وہ بھی سٹار ہوتے ہیں اور سٹار ہونے کے لیے لازمی نہیں ہے کہ اداکاری کی جائے۔بعض افراد پوری زندگی محنت کرتے ہیں لیکن انہیں زیادہ شہرت نہیں ملتی لیکن بعض افراد راتوں و رات مشہور بن جاتے ہیں، اسی طرح بعض بڑے سٹارز اچھے اداکار نہیں ہوتے لیکن ان کی شہرت برقرار رہتی ہے۔
انوشے اشرف نے پروگرام کے دوران حال ہی میں ماڈل حسنین لہری اور نمرہ جیکب کے درمیان فیشن شو کے دوران ہونے والے معاملے پر بھی مبہم انداز میں بات کی اور بتایا کہ انہیں اصل حقیقت کا علم نہیں کہ دونوں کے درمیان جھگڑا کیسے شروع ہوا؟
ساتھ ہی اداکارہ نے کہا کہ فیشن شو کے دوران معاملہ اتنی حد تک نہیں جانا چاہئے تھا، اس سے پہلے ہی دونوں شخصیات کو معاملات سلجھانے چاہئے تھے اور ہر کسی کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئی ایسی بات نہیں کرنی چاہئے تھی جس سے غلط تاثر جائے، کسی کو بھی دوسرے شخص کو دھمکیاں نہیں دینی چاہئے تھیں اور خصوصی طور پر خاتون کو ایسے الفاظ میں دھمکیاں نہیں دینی چاہئے تھیں کہ آپ کے ساتھ یہ کر سکتا ہوں۔
انوشے اشرف نے کسی کو قصور وار قرار دینے کے بجائے کسی کا نام لیے بغیر ہی تجویز دی کہ ہر انسان کو اپنی زبان کو لغام دینا چاہئے، ہر کسی کو اپنے غصے پر قابو رکھنے کی ضرورت ہے، کیوںکہ جب غصے میں کہی گئی باتیں آگ کی طرح نکلتے ہیں تو بڑا مسئلہ بنتا ہے۔
خیال رہے کہ دیگر خواتین ماڈل نے بھی حسنین لہری کے تلخ رویے کی شکایات کی تھیں، تاہم انہوں نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے نمرہ جیکب سے ان کی اجازت کے بغیر ان کی ویڈیو بنانے پر صرف موبائل فون چھینا تھا۔
فیشن شو کی میزبانی انوشے اشرف کر رہی تھیں اور بعد میں انہوں نے واقعے کی مذمت بھی کی تھی اور دیگر شوبز شخصیات نے بھی حسنین لہری کے رویے پر اظہار افسوس کیا تھا۔

Related Articles

Back to top button