ای او بی آئی پنشن میں 15 فیصد اضافہ، اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا

وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی کے پنشنرز کی پنشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ای او بی آئی میں اداراتی اصلاحات کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ یہ کمیٹی غیر منظم لیبر سیکٹر، جیسے گھریلو ملازمین، زرعی کارکنان اور دیگر نظر انداز شعبوں کو اولڈ ایج بینیفٹس کی فراہمی سے متعلق سفارشات مرتب کرے گی۔

کابینہ نے وزارت بحری امور کی سفارش پر سی کیرج شپنگ ڈاکیومینٹس بل 2025 کے قانونی مسودے پر کارروائی کی منظوری بھی دے دی۔

اس کے علاوہ وزارت قومی صحت کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے اسپتالوں اور متعلقہ اداروں میں استعمال ہونے والی انسداد کینسر، دل کے امراض اور زندگی بچانے والی ادویات کی درآمد پر پانچ سالہ استثنیٰ کی منظوری دی۔ ان ادویات کی کھلے عام فروخت پر پابندی عائد ہوگی اور درآمد کے لیے لائسنسنگ اتھارٹی کی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔

مزید برآں، کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 2 اور 3 جولائی 2025 کو ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کردی۔

Back to top button