مہوش حیات اور حسن شہریار آسکر سلیکشن کمیٹی کا حصہ بن گئے

پاکستان کے نامور فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) اور اداکارہ مہوش حیات فلمی دنیا کے سب سے متعبر اور اعلیٰ فلمی ایوارڈ آسکر کے لیے پاکستانی فلموں کا انتخاب کرنے والی پاکستانی آسکر سلیکشن کمیٹی کا حصہ بن گئے۔
خیال رہے کہ آسکر کے لیے پاکستان، بھارت، ایران، ترکی اور افغانستان سمیت دنیا کے تمام ممالک میں قائم کمیٹیاں ہی اپنے اپنے ممالک کی کسی ایک فلم کو ‘غیر ملکی’ زبان کی کیٹیگری کے لیے منتخب کرتی ہیں۔ انفرادی ملک کی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی منتخب کردہ فلمیں اسکریننگ، شارٹ لسٹنگ اور ووٹنگ کے لیے آسکر حکام کو بھیجی جاتی ہیں جو بعد میں حتمی نامزدگیوں کا اعلان کرتے ہیں۔


ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں پاکستان کے نامور فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) نے 2020 کے لیے آسکر سلیکشن کمیٹی کا حصہ بننے سے آگاہ کیا۔انہوں نے لکھا کہ آسکر کمیٹی 2020 کا حصہ بننے پر مجھے فخر ہے۔ ایچ ایس وائے نے یہ بھی بتایا کہ کمیٹی کی سربراہی 2 مرتبہ اکیڈمی ایوارڈ اور ایمی جیتنے والی دستاویزی فلم سازی شرمین عبید چنائے کریں گی۔ انہوں نے مزید لکھا کہ کمیٹی میں فلم ڈائریکٹر اسد الحق، اداکارہ مہوش حیات اور موسیقار فیصل کپاڈیہ شامل ہیں۔


دوسری جانب اداکارہ مہوش حیات نے بھی رواں برس آسکر سلیکشن کمیٹی کا حصہ بننے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ مجھے 2 مرتبہ آسکر ایوارڈ کی فاتح شرمین عبید چنائے کے ساتھ ’آسکر سلیکشن کمیٹی‘ کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ مہوش حیات نے لکھا کہ میں نامزد کردہ فلمیں دیکھنے کی منتظر ہوں، انہوں نے مزید لکھا کہ کم از کم یہ ایک طریقہ ہے جس کے ذریعے ہم اپنے ملک اور صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرسکتے ہیں۔
سال 2018 میں پاکستانی کمیٹی نے آسکر ایوارڈ کے لیے فلم ‘کیک’ کا انتخاب کیا تھا جبکہ 2019 میں فلم ‘لال کبوتر’ کا نام ایوارڈ میں نامزدگی کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ گزشتہ برس پاکستانی کمیٹی میں پاکستانی کمیٹی میں شرمین عبید چنائے کے علاوہ زیبا بختیار، ضرار کھوڑو، زیب النسا حامد، سرمد کھوسٹ، عاصم عباسی، رضوان بیگ، جمیل بیگ، صنم سعید اور حمنہ زبیر شامل تھے۔ ممالک کی جانب سے نامزدگیوں کے بعد اکیڈمی ایوارڈز کی موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنسز اکیڈمی ایوارڈز کی تمام کیٹیگریز کے لیے حتمی نامزدگیوں کا انتخاب کیا جاتا ہے اور بعدازاں حتمی نامزدگیوں کی فہرست جاری کی جاتی ہے جب کہ ایوارڈز عموماً ہرسال فروری میں منعقد ہوتے ہیں۔ تاہم رواں برس جون میں ‘آسکر’ دینے والے ادارے دی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس اور اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک نے کورونا کی وبا کے باعث ‘آسکر’ ایوارڈز کی تقریب کو 2 ماہ کے لیے مؤخر کردیا تھا۔
تاہم اس سے قبل بھی کم از کم 3 مواقع پر آسکر ایوارڈز کی تقریب ملتوی یا منسوخ کی جا چکی ہے۔ آسکر اکیڈمی اور اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک انتظامیہ نے تصدیق کی تھی کہ اب ایوارڈز کی تقریب اپریل 2021 میں ہوگی۔ 93 ویں ‘آسکر’ ایوارڈز کی تقریب فروری کے آخر میں منعقد ہونا تھی تاہم اب اسے 25 اپریل 2021 کو منعقد کیا جائے گا، نامزدگیوں کا اعلان 15 مارچ کو کیا جائے گا جب کہ اکیڈمی 15 اپریل تک نامزد ہونے والی فلموں کی حتمی فہرست جاری کردے گی۔ فلموں کی نامزدگی کی فہرست جاری کرنے کے بعد 25 اپریل کو لاس اینجلس میں 93 ویں ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوگی، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ایوارڈز تقریب ہر سال کی طرح ہی ہوگی یا اسے کورونا کے پیش نظر محدود یا مختصر کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button