بھارتی جارحیت سے 26 شہری شہید 46 زخمی ہوئے : آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی جارحیت اور پاکستان کی جوابی کارروائی کےبعد قوم کو تفصیلات سے آگاہ کرتےہوئے بتایا کہ بھارتی کارروائی میں چھ مقامات پر حملے کیے گئے جن میں 26 افراد شہید اور 46 زخمی ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہےکہ پاکستان میں گزشتہ روز رات کی تاریکی میں 6 مقامات پر کیے گئے بھارتی حملوں میں 26 شہری شہید اور 46 زخمی ہوئےہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہاکہ احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنایاگیا جس میں 13 شہادتیں ہوئیں جن میں 3 سال کی 2 بچیاں بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ شہدا میں 7 خواتین اور 4 مرد شامل ہیں جب کہ 9 خواتین سمیت 37 شہری زخمی ہوئے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایاکہ مظفر آباد کےقریب مسجد بلال کو بھارتی جارحیت کا نشانہ بنایاگیا جس میں 3 شہری شہید ہوئے جب کہ ایک بچی اور ایک لڑکا زخمی ہوا۔

انہوں نے بتایاکہ کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایاگیا جس میں 16 سال کی بچی اور 18 سال کا لڑکا شہید ہوا جب کہ ماں اور بیٹی زخمی ہوئے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایاکہ مریدکے میں مسجد ام القریٰ کو نشانہ بنایاگیا جس میں 3 شہری شہید اور ایک زخمی ہوا،سیالکوٹ میں کسی جانی اور مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جب کہ شکر گڑھ میں بھی بھارتی حملے میں صرف ایک ڈسپنسری کو نقصان ہوا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایاکہ لائن آف کنٹرول پر رات سے جاری بلااشتعال بھارتی گولہ باری کے نتیجےمیں 5 معصوم شہری شہید ہوچکے ہیں جن میں ایک 5 سال کا بچہ بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی قوم کی بھرپور حمایت سے بھارتی حملے کے چند لمحوں بعد ہی منہ توڑ اور بھرپور جواب دیا اور دےرہی ہیں۔

پاکستان نے بھارتی فوج کی مہار یونٹ کا بٹالین ہیڈکوارٹر بھی تباہ کردیا

انہوں نے کہاکہ یہ بات یاد رکھیےکہ بھارت نے پاکستان میں مساجد کو نشانہ بنایا ہے،مساجد اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا اس تنگ نظر سوچ کی عکاسی کرتاہے جو کہ مودی کی حکومت میں ہندتوا کے زیر تسلط بڑھ رہی ہیں جس میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور ان کی مذہبی آزادی کو سلب کیا جا رہا ہے اور انہیں نشانہ بنایاجارہا ہے۔

Back to top button