سلیکٹ کرنے والوں سے پوچھتا ہوں کیا تبدیلی پسند آئی؟

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر کہا ہے کہ میرا سوال ابھی بھی وہی ہے کہ کیا تبدیلی پسند آئی۔ بلاول بھٹو نے ٹوئٹ میں کہا کہ ‘اب نہ ایمپائر کی انگلی، نہ جعلی تبدیلی، صرف اور صرف عوام کی آواز چلے گئی’۔ چیئرمین پی پی پی کے ٹوئٹر اکاونٹ پر ایک پرانی ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس میں انہیں کہتا سنا جاسکتا ہے کہ ‘جو سلیکٹڈ ہیں، میں ان سے پوچھوں گا کہ کیا آپ کو ایمپائر کی انگلی پسند آئی؟x انہوں نے مزید کہا کہ ‘جنہوں نے سلیکٹ کیا، میں ان سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ کو تبدیلی پسند آئی؟

واضح رہے بلاول بھٹو کا بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے خارج کرنے کا حکم دیتے ہوئے سابق وزیراعظم کو 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت کی ضمانتی بانڈ کی شرط کو مسترد کردیا تھا۔ دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے معاملے میں وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روح کو برقرار رکھا۔
اسلام آباد میں اٹارنی جنرل انور منصور خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ ہمیں نواز شریف کی واپسی کی ضمانت حلف نامے کی صورت میں مل گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close