ایڈیلیڈ میں بدترین شکست کے بعد بدترین ریکارڈ پاکستان کے نام

آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور48 رنز سے شکست دے کر پاکستان کیخلاف اپنی سرزمین پر لگاتار پانچواں وائٹ واش مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ ایک بدترین ریکارڈ پاکستانی ٹیم کے نام کردیا۔ پاکستانی ٹیم آسٹریلین سرزمین پر فتح تو دورگزشتہ 24 سال میں کوئی ٹیسٹ میچ ڈرا بھی کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
ایڈیلیڈ میں شکست پاکستان کی آسٹریلین سرزمین پر لگاتار 14ویں ناکامی ہے جس کے ساتھ ہی پاکستان نے کرکٹ کی تاریخ کا بدترین ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ اس سے قبل یہ بدترین ریکارڈ بنگلہ دیش کی ٹیم کے پاس تھا جسے اپنی ہی سرزمین پر لگاتار 13ٹیسٹ میچوں میں شکست ہوئی تھی۔
پاکستان نے آخری مرتبہ 1995 میں سڈنی کے مقام پر کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 74رنز سے کامایبی حاصل کر کے میزبان ٹیم کے خلاف فتح سمیٹی تھی لیکن اس کے بعد سے آسٹریلین سرزمین پر فتح کا حصول دیوانے کا خواب بن کر رہ گیا ہے۔
1999 میں وسیم اکرم کی قیادت میں جانے والی ٹیم کو 0-3 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا حالانکہ ہوبارٹ ٹیسٹ میں قومی ٹیم فتح کے انتہائی قریب پہنچ گئی تھی لیکن پھر جسٹن لینگر اور ایڈم گلکرسٹ نے شاندار کارکردگی دکھا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔
انضمام الحق کی قیادت میں 2005-2004 میں آسٹریلین سرزمین پر قومی ٹیم کو تمام میچوں میں یکطرفہ مقابلوں کے بعد تینوں ٹیسٹ میچوں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔
2010-2009 میں محمد یوسف کی قیادت میں بھی پاکستان کو سڈنی ٹیسٹ میں فتح کا نادر موقع میسر آیا لیکن شکوک و شبہات سے بھرپور خراب فیلڈنگ خصوصاً وکٹ کیپر کامران اکمل کی ناقص کارکردگی کے سبب پاکستان نے ناصرف یہ میچ جیتنے کا موقع گنوایا بلکہ 0-3 سے ایک اور وائٹ واش ان کا مقدر ٹھہرا۔ پھر پاکستان کی ٹیسٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق کی قیادت میں ٹیم آسٹریلیا پہنچی تو امید تھی کہ شاید اس بار تقدیر بدل جائے لیکن میزبان ٹیم نے یہاں بھی پیشہ ورانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کو تینوں میچوں میں شکست دے کر اپنا شاندار ریکارڈ برقرار رکھا۔
مسلسل شکستوں کا جمود توڑنے کے لیے پرعزم ناتجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم اظہر علی کی قیادت میں آسٹریلین سرزمین پر اتری تو کسی کو بھی اس ٹیم سے معجزاتی کارکردگی کی توقع نہ تھی لیکن شائقین کرکٹ اس حد تک ابتر کارکردگی کی بھی توقع نہیں کررہے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close