برطانیہ میں تاج پوشی کی تقریب دنیا بھر کی توجہ کا مرکز کیوں؟

برطانیہ کے شاہی خاندان میں تاج پوشی کی تقریب اس وقت دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن گئی ہے، عام طور پر کسی بادشاہ یا ملکہ کی وفات کے بعد تاج پوشی کی تقریب فوری نہیں ہوتی ہے بلکہ اس میں اتنا وقفہ رکھا جاتا ہے کہ سوگ کی رسومات پوری ہو جائیں، ملکہ الزبتھ آٹھ ستمبر 2022 کو فوت ہوئی تھیں اور چارلس ملکہ کی وفات کے ساتھ ہی بادشاہ بن گئے تھے، مگر تاج پوشی کی تقریب کئی روز بعد ہو رہی ہے۔
برطانیہ میں تاج پوشی کی رسومات 1066 سے ویسٹ منسٹر ایبی نامی چرچ میں ہو رہی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بنیادی طور پر یہ ایک مذہبی رسم ہے اور بادشاہ چرچ آف انگلینڈ کے سربراہ ہیں، تقریب کے دوران برطانیہ کے آرچ بشپ شاہ چارلز کو مقدس تیل سے بتسمہ دیں گے اور انہیں روایتی شاہی علامات، یعنی خلعت اور عصا عطا کریں گے۔
شاہ چارلس نے اپنی تاج پوشی کو نئے عہد کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، مہمانوں کی تعداد ایک تہائی کم کی ہے، تقریب کا وقت مختصر کر لیا ہے اور دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی مدعو کیا ہے۔
عام طور پر بادشاہ روایتی شاہی لباس زیبِ تن کرتے ہیں لیکن اطلاعات کے مطابق چارلز روایت سے ہٹ کر فوجی لباس زیبِ تن کریں گے، چارلز کئی برس تک برطانوی ایئر فورس کا حصہ رہے ہیں اور انہوں نے بطور ہواباز تربیت حاصل کر رکھی ہے انہیں 2012 میں رائل ایئر فورس میں مارشل کا عہدہ دیا گیا تھا جو برطانوی فضائیہ کا سب سے بڑا عہدہ ہے۔
تاج پوشی پر 10 کروڑ پاؤنڈ کے قریب خرچ آئے گا جو پاکستانی روپوں میں 35 ارب بنتا ہے، یہ رقم برطانوی عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے ادا کی جائے گی۔یہ شاہ خرچی اس وقت ہو رہی ہے جب برطانیہ کو شدید مہنگائی کا سامنا ہے۔ البتہ توقع ہے کہ اس دوران بہت سے سیاح برطانیہ کا رخ کریں گے، تقریب کی ٹیلی ویژن نشریات اور اس سے متعلق اشیا کی فروخت سے بھی معیشت کو فروغ ملنے کی اُمید ہے۔
تقریب کے لیے دو ہزار افراد کو دعوت دی گئی ہے جن میں جاپان کا شاہی خاندان، ڈنمارک کا شاہی خاندان، سویڈن کا شاہی خاندان، مناکو کے شہزادہ البرٹ دوم، سپین کے بادشاہ اور ملکہ، بیلجیم کا شاہی جوڑا، نیدرلینڈز کا شاہی جوڑا، ناروے کا شاہی جوڑا شامل ہیں، اس کے علاوہ اردن، برونائی، عمان کے حکمرانوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
متعدد ملکوں کے وزرائے اعظم اور صدور بھی شرکت کریں گے جن میں پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف بھی شامل ہیں، اگرچہ کئی فنکار شاہی تقریب میں پرفارم کریں گے، جن میں انڈیا سے تعلق رکھنے والی سونم کپور بھی شامل ہیں، کئی دوسرے فنکاروں نے شرکت سے انکار کیا ہے۔ برطانوی اخباروں مرر اور سن کے مطابق اڈیل، ایڈ شیرن، رابی ولیمز اور سپائس گرلز نے مختلف وجوہات کی بنیاد پر تقریب میں شرکت سے معذرت کی ہے۔
شاہ چارلس کی anointing یا مسح کے لیے پہلی بار ویگن یعنی پودوں پر مبنی تیل استعمال کیا جائے گا، جس میں زیتون کا تیل، یاسمین، دارچینی اور عنبر وغیرہ شامل ہیں۔
تقریب میں استعمال ہونے والا زیتون کا تیل بیت المقدس سے آئے گا جنہیں ماؤنٹ آف اولیوز اور دوسرے اہم مقامات پر اُگایا گیا ہے، اس سے قبل دیگر بادشاہوں اور ملکاؤں کی anointing کے لیے وھیل کا تیل استعمال کیا جاتا تھا، اس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ ہے۔
اسی تقریب میں کمیلا کی بھی تاج پوشی کی جائے گی، البتہ ان کے تاج پر کوہِ نور ہیرا نصب نہیں ہوگا کیوںکہ یہ ہیرا برطانیہ کے نوآبادیاتی کردار کی وجہ سے متنازع ہے، انہیں اس تقریب میں ملکہ کمیلا کے خطاب سے نوازا جائے گا۔
اس بار تاج پوشی کی خصوصی ڈش کیش ہوگی، جو ایک قسم کا سموسہ ہوتا ہے۔اس کی ترکیب میں انڈے، ملائی اور پنیر شامل ہیں اور اسے ٹھنڈا یا گرم دونوں طرح سے کھایا جا سکتا ہے، تاج پوشی کے قریب آتے ہی برطانیہ میں کیش کی قیمتوں میں اضافہ شروع ہو گیا ہے۔

Related Articles

Back to top button