خیبرپختونخوا: پولیو کے مزید 4 کیسز، ملک میں مجموعی تعداد 98 ہو گئی

خیبرپختونخوا میں 3 بچیوں اور ایک بچے میں پولیو کے کیسز سامنے آنے کے بعد رواں سال ملک میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 98 تک پہنچ گئی۔ جو گزشتہ سالوں کی نسبت پولیو کیسز کی تعداد میں بڑا اضافہ ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں 4 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد رواں برس ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 98 ہو گئی، جن میں سب سے زیادہ کیسز خیبرپختونخوا میں 72، سندھ میں 14، بلوچستان میں 7 اور پنجاب میں اب تک پولیو کے 5 کیسز سامنے آئے۔رواں سال میں 98 پولیو کیسز کی نسبت گزشتہ سال 2018 میں 12 جبکہ2017 میں کیسز کی مجموعی تعداد 8 تھی۔
نیشنل انسٹییٹوٹ آف ہیلتھ( این آئی ایچ ) اسلام آباد سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق خیبرپختونخوا سےسامنے آنیوالے 4 پولیو کے کیسز میں سے 3 ضلع لکی مروت اور ایک ضلع ٹانک سے رپورٹ ہوا۔این آئی ایچ لیبارٹری کے عہدیدار نے بتایا کہ پولیو وائرس سے ایک 3 ماہ کا بچہ متاثر ہوا ہے، بچہ تحصیل سرائے نورنگ کی یونین کونسل تختی خیل کا رہائشی ہے، انہوں نے بتایا کہ بچے کو پولیو ویکسین نہیں پلائی گئی تھی۔عہدیدار نے کہا کہ اسی علاقے سے 11 ماہ کی بچی بھی پولیو سے متاثر ہوئی اور اسے بھی پولیو ویکسین نہیں پلائی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ لکی مروت کی یونین کونسل ڈیرہ تنگ میں 11 ماہ کی بچی میں پولیو کی تشخیص ہوئی، بچی کے والدین کا دعویٰ ہے کہ اسے 2 مرتبہ پولیو کے قطرے پلائے گئے تھے۔علاوہ ازیں ضلع ٹانک کی یونین کونسل واراسپون کی رہائشی 12 ماہ کی بچی بھی پولیو وائرس کا شکار ہوگئی۔
دوسری جانب جاپان کی حکومت نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے پروگرام میں تعاون کے لیے ساڑھے 4 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔یہ پروگرام رواں برس دسمبر سے نومبر 2020 تک انسداد پولیو کی طے کردہ مہمات کے دوران ویکسینکو 5 سال سے کم عمر 2 کروڑ بچوں تک پہنچانے میں مدد دے گا۔اس حوالے سے گرانٹ پر جاپان کی حکومت، جاپان انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی اور اقوام متحدہ کے چلڈرنز فنڈز کے درمیان وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close