ایف آئی اے’ہراساں‘کررہی ہے،صندل خٹک کی عدالت میں درخواست

متنازع ویڈیوزبناکرشہرت حاصل کرنے والی ٹک ٹاک اسٹارصندم خٹک نےلاہورکی سیشن کورٹ میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے خلاف درخواست دائر کردی۔صندل ختم نے سیشن کورٹ میں دائرکی گئی درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ ایف آئی اے انہیں ہراساں کررہا ہے اوروفاقی تحقیقاتی ادارے کوایسا کرنےسےروکا جائے۔
ٹک ٹاک اسٹارکی جانب سے دائرکی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے انہیں 28 اکتوبراور5 نومبر2019 کو نوٹسز جاری کرکے تفتیش کے لیے پیش ہونے کا کہا۔ ماڈل نے اپنی درخواست میں لکھا کہ انہیں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ ان کے خلاف کس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔ دائرکی گئی درخواست میں صندل خٹک نے عدالت سے استدعا کی کہ ایف آئی اے کو ان کے خلاف جاری تحقیقات سے متعلق تمام دستاویزات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
اپنی درخواست میں ٹک ٹاک اسٹارنے کہا کہ انہیں کسی طرح کی کوئی معلومات نہیں دی گئی اورنہ ہی ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کے حوالے سے انہیں کچھ بتایا گیا۔انہوں نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا کہ وہ کبھی بھی کسی طرح کی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہیں اور وہ ملک کی معصوم شہری ہیں۔ٹک ٹاک اسٹارنے اپنی درخواست میں ایف آئی اے پر’ہراساں‘ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت سے درخواست کی کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔
عدالت نے ماڈل کی درخواست پرایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ماہ 4 فروری کو دستاویزات سمیت طلب کرلیا۔ خیال رہے کہ صندل خٹک ساتھی ماڈل حریم شاہ کے ساتھ متنازع ویڈیوزبنانے کےحوالے سے ملک بھرمیں شہرت رکھتی ہیں۔دونوں ماڈلز کئی سیاسی رہنماؤں اوردیگر شخصیات کے ساتھ متنازع ویڈیوز بناتی نظرآتی ہیں جب کہ حریم شاہ کی دفتر خارجہ میں بنائی گئی ویڈیونے بھی ملک میں ہنگامہ مچا دیا تھا۔

اس سے قبل دونوں ماڈلز کی اینکرپرسن مبشرلقمان کے ہیلی کاپٹرپربنائی گئی ویڈیوزپرتنازع ہوا تھا جب کہ دونوں ماڈلز دیگر افراد کے ساتھ بھی ویڈیوزبناتی رہتی ہیں۔ کچھ دن قبل ہی حریم شاہ اورصندل خٹک کے حوالے سے اینکرپرسن مبشر لقمان نے اپنے یوٹیوب پروگرام میں ایک دوسرے صحافی کے ساتھ کئی انکشافات کیے تھے اور دعویٰ کیا تھا کہ ماڈلزکے پاس وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین اورایک خاتون وفاقی وزیر کی قابل اعتراض ویڈیوزموجود ہیں۔
مذکورہ پروگرام کے بعد چوہدری فواد حسین نے مبشر لقمان کو شادی کی ایک تقریب میں تھپڑ بھی رسید کردیا تھا۔صندل خٹک اور حریم شاہ کے حوالے سے یہ اطلاعات بھی ہیں کہ وہ متنازع ویڈیوز کی وجہ سے خود کو غیر محفوظ سمجھنے کے بعد بیرون ملک منتقل ہونے کی کوششیں بھی کر رہی ہیں۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ حریم شاہ اور صندل خٹک نے کینیڈا میں سیاسی پناہ کی درخواست بھی دے رکھی ہے تاہم تاحال اس حوالے سے دونوں ماڈلز نے کچھ نہیں کہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close