بھارتی ٹیم کےسینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست سےمہندرادھونی باہر

بھارتی کرکٹ بورڈ نے اگلے سال کے لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے اور سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی سینٹرل کنٹریکٹ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے جس کے ساتھ ہی ان کا کیریئر بالآخر ختم ہوتا محسوس ہو رہا ہے۔
بھارت کو اپنی قیادت میں ٹی20 اور ون ڈے ورلڈ کپ جتوانے والے مہندرا سنگھ دھونی کے کیریئر کے حوالے سے ایک عرصے سے چہ مگوئیاں جاری تھیں کیونکہ انہوں نے ورلڈ کپ کے بعد سے کسی بھی میچ میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی نہیں کی۔ تاہم اب یہ معاملہ حل ہوتا نظر آ رہا ہے کیونکہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے جس کی فہرست میں دھونی کا نام شامل نہیں۔ انہیں آخری مرتبہ 2019 میں کنٹریکٹ دیتے ہوئے اے کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا تھا جس میں ایک کھلاڑی کو 5 کروڑ روپے ملتے ہیں لیکن وہ اس مرتبہ جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے بعد سے دھونی نے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا لیکن اس کے باوجود ہیڈ کوچ روی شاستری اس بات پر مصر ہیں کہ سابق کپتان بھارتی ٹیم کے ٹی20 ورلڈ کپ کے پلان کا حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ خلیل احمد، دنیش کارتھک اور امبتی رائیڈو کو بھی فہرست سے ڈراپ کردیا گیا ہے اور ان کی جگہ نودیپ سینی، شردل ٹھاکر، شریاس آئیر اور واشنگٹن سندر کو سینٹرل کنٹریکٹ کی سی کیٹیگری میں شامل کر لیا گیا ہے۔
یہ کنٹریکٹس اکتوبر 2019 سے ستمبر 2020 کے لیے دیے گئے ہیں اور گزشتہ فہرست کے مقابلے میں کھلاڑیوں کی تعداد کم کر کے 29 سے 27 کردی گئی ہے۔ اے پلس کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو تقریباً 10لاکھ ڈالر کی خطیر رقم ملے گی جس میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی، روہت شرما اور جسپریت بمراہ شامل ہیں۔ لوکیش راہل ایک درجہ ترقی کر کے اے کیٹیگری میں شامل ہو گئے ہیں جس میں ہر کھلاڑی کو 7لاکھ ڈالر ملیں گے۔
کیٹیگری اے میں سب سے زیادہ کھلاڑی شامل ہیں جن میں روی چندرن ایشون، رویندرا جدیجا، بھوونیشور کمار، چتیشور پجارا، اجنکیا راہانے، شیکھر دھاون، محمد شامی، ایشانت شرما، کلدیپ یادو، ریشابھ پانٹ اور لوکیش راہل جیسے کھلاڑی موجود ہیں۔ کیٹیگری بی میں امیش یادو، یزویندر چاہل، ہردک پانڈیا، وردھیمان ساہا اور ماینک اگروال موجود ہیں جس میں ہر کھلاڑی کو 4لاکھ 20ہزار ڈالر ملیں گے۔ کیٹیگری سی کے ہر کھلاڑی کو ایک کروڑ بھارتی روپے ملیں گے اور اس فہرست میں کیدار جادھو، منیش پانڈے، ہنوما ویہاڑی، نودیپ سینی، دیپک چاہر، شریاس آئیر اور واشنگٹن سندر شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!
Close