ماں بننے کا مطلب اپنے خوابوں کو قربان کر دینا نہیں ہے

عالم گیر شہرت یافتہ بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ ماں بننے کا یہ مطلب نہیں کہ اپنے خوابوں کو قربان کردیا جائے۔
اپنے بیٹے اذہان کے ایک برس کا ہو جانے پر دوبارہ ٹینس کے میدان میں اترتے ہوئے ثانیہ مرزا نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ’ایک سال کے ازہان کے ساتھ زندگی تھوڑی مختلف ہے۔ وہ اب بھی اسی بستر پر سوتا ہے جس پر میں سوتی ہوں اور رات کو کئی بار جاگتا ہے اور جھوٹا ہے۔ لیکن میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میری مدد کےلیے بہت سارے لوگ موجود ہیں۔ میری والدہ ہوتی ہیں، میرے والدین میرے ساتھ پورا تعاون کرتے ہیں، میں ان کے بغیر یہ سب کرہی نہیں سکتی تھی۔‘
ثانیہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کا خیال رکھنے والوں کی کمی نہیں ہے۔ ’میرے بیٹے کی گرد لوگوں کا ہجوم رہتا ہے جو اس کا ہر وقت خیال رکھتے ہیں اور یہ تعداد میرے گرد رہنے والے لوگوں سے کہیں زیادہ ہے۔ صرف یہی ایک وجہ ہے کہ میں اپنا 100 فیصد ٹریننگ کو دینے کے قابل ہوں۔ میں امید کرتی ہوں کہ جب وہ کچھ سالوں میں ٹینس کو سمجھنا شروع کرے گا تو وہ مجھ پر فخر کرے گا۔‘ ثانیہ مرزا کا ہمیشہ سے یہ ماننا ہے کہ ان کےلیے ٹینس ہی سب کچھ ہے اور اب وہ اپنے بیٹے کو اپنے لیے حوصلے کی نئی وجہ سمجھتی ہیں۔
ثانیہ کا کہنا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا کی خواتین کو یہ دکھانے کی خواہش مند ہیں کہ ماں بننے کا مطلب اپنے خوابوں کی قربانی دینا نہیں ہے۔ ’مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دنیا کے جس حصے سے میرا تعلق ہے وہاں جب ایک عورت ماں بنتی ہے تو ایسا سمجھا جاتا ہے کہ اب اس کی دنیا ختم ہوگئی ہے اور اب بچے ہی سب کچھ ہیں۔ ‘مجھے ایسا لگتا ہے کہ خواتین کو یہ سمجھایا جاتا ہے کہ اگر وہ باہر نکلتی ہیں اور اپنے خوابوں کی تکمیل کےلیے کوشش کرتی ہیں تو شاید وہ بہترین مائیں نہیں بن سکتیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ سوچ بدلے گی۔‘
ثانیہ مرزا کا مزید کہنا تھا کہ ’میں امید کرتی ہوں کہ اگر میری کامیابی کسی ایک عورت کو بھی اپنے خواب کو پورا کرنے کا حوصلہ دیتی ہے اور انہیں متاثر کرتی ہے تو یہ میرے لیے بہت فائدہ مند ہوگا۔‘
خیال رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 10 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی۔ شادی کے بعد دونوں نے مشترکہ طور پر دبئی میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم دونوں نے کئی دن بھارت اور پاکستان میں بھی ایک ساتھ گزارے۔
دونوں کی بطور جوڑا مستقل رہائش گاہ اگرچہ دبئی میں ہی ہے، تاہم اپنے اپنے پروفیشن کی مصروفیات کے باعث شعیب اور ثانیہ زیادہ تر اپنے اپنے ممالک میں رہتے ہیں۔
ان کے بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش 30 اکتوبر 2018 کو ہوئی تھی جس کی اطلاع انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے تمام فینز کو دی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close