چین میں صرف 10 دن میں ایک ہزار بستر کا اسپتال تعمیر

کوورنا وائرس باعث اس وقت چین شدید مشکلات کا سامنا کررہا ہے، جہاں اب تک 14 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں اور مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے اس نے حیران کن طور پر چند دنوں میں ایک ہزار بستر کا اسپتال تعمیر کردیا ہے اور پوری دنیا کو حیران کردیا ہے۔
چین کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق ہوشینشان اسپتال کی تعمیر 23 جنوری کو شروع ہوئی اور 2 فروری (اتوار) کی صبح اسے مکمل کرلیا گیا۔ یہ اسپتال اب طبی عملے کے کنٹرول میں دیا جارہا ہے اور وہاں پیر سے مریضوں کا داخلہ شروع ہوجائے گا۔ یہ اسپتال 25 ہزار اسکوائر میٹر پر تعمیر ہوا ہے اور ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہے۔
دسمبر کے آخر میں سامنے آنے والے وائرس کے نتیجے میں اب تک چین میں 304 اموات ہوچکی ہیں جب کہ ووہان سمیت متعدد شہروں کو بند کرکے قرنطینہ میں ڈال دیا گیا ہے۔ چین سمیت 24 شہروں میں 14 ہزار سے زائد افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے تاہم چین سے باہر صرف فلپائن میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
چینی حکام کی جانب سے ایک اور ایمرجنسی اسپتال بھی ہوشینشان ہاسپٹل سے 25 میل دور تعمیر کیا جارہا ہے۔ اس اسپتال میں 16 سو بستروں کی گنجائش ہوگی اور توقع ہے کہ بدھ کو اسے کھول دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close