علی ظفر کی درخواست ،میشا شفیع کے ہتک عزت دعوے کی سماعت روک دی

لاہور کی سیشن کورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے اداکار علی ظفر کے خلاف دائر کیے گئے دو ارب روپے کے ہرجانے کے کیس میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے کیس کی سماعت روک دی ہے۔
میشا شفیع نے ستمبر 2019 میں لاہور کی سیشن کورٹ میں علی ظفر کے خلاف جھوٹ بولنے اور میڈیا میں بیان بازی کرنے کے الزامات پر 2 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ میشا شفیع نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ علی ظفر جھوٹے الزامات کی وجہ سے ان کی ساکھ اور شخصیت متاثر ہوئی کیوں کہ علی ظفر نے میڈیا پر کہا تھا کہ میشا شفیع نے ان پر پیسوں کی لالچ میں جنسی ہراساں کرنے کا جھوٹا الزام عائد کیا۔ میشا شفیع نے درخواست میں یہ بھی لکھا تھا کہ علی ظفر کے بیانات کی وجہ سے انہیں ذہنی طور پر پریشانی ہوئی، اس لیے گلوکار کو 2 ارب روپے ہرجانا ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔
میشا شفیع کی جانب سے 2 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیے جانے پر علی ظفر نے عدالت میں مذکورہ کیس کی سماعت روکنے کے لیے درخواست دائر کی تھی اور عدالت سے استدعا کی تھی کہ پہلے ان کی درخواست پر فیصلہ سنایا جائے۔
عدالت میں علی ظفر نے پہلے ہی میشا شفیع کے خلاف ایک ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے جس کی درجنوں سماعتیں ہو چکی ہیں اور علی ظفر نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ پہلے ان کے دائر کردہ کیس پر فیصلہ سنایا جائے جس کے بعد میشا شفیع کا کیس سنا جائے۔
علی ظفر کی درخواست پرعدالت میں میشا شفیع اور علی ظفر کے وکلا نے دلائل دیے جس کے بعد 13 فروری کو عدالت نے علی ظفر کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے میشا شفیع کے دائر کردہ کیس کی سماعت روک دی۔ ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ نے گلوکار علی ظفر کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ پہلے علی ظفر کے ایک ارب ہرجانے کے کیس کی سماعت مکمل ہوگی۔ عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا کہ علی ظفر کے ہتک عزت کے دعوی کا فیصلہ ہونے تک مشیا شفیع کے دعوی پر سماعت نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ اسی عدالت میں علی ظفر کے ایک ارب روپے کے ہرجانے کے کیس میں اب میشا شفیع کے گواہوں کے بیانات قلمبند ہوں گے جس کے بعد ان سے جرح کی جائے گی۔ میشا شفیع اور ان کی والدہ صبا حمید عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کروا چکی ہیں جب کہ ان سے قبل علی ظفر اور ان کے 11 گواہوں نے بیانات قلمبند کروائے تھے جن پر جرح بھی مکمل ہوچکی ہے۔ مذکورہ کیس 2018 سے سیشن کورٹ میں جاری ہے اور اس کیس کے دوران ایک جج بھی تبدیل کیا جا چکا ہے، یہ کیس علی ظفر نے اس وقت میشا شفیع کے خلاف دائر کیا تھا جب گلوکارہ نے ان پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا۔ میشا شفیع نے اپریل 2018 میں ٹوئٹ کے ذریعے دعویٰ کیا تھا کہ علی ظفر نے انہیں ایک بار نہیں بلکہ متعدد بار جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا اور گلوکار نے انہیں ایک ایسے وقت میں نشانہ بنایا جب وہ بچوں کی ماں چکی تھیں، تاہم علی ظفر نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے عدالت میں ان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close