پاکستانی نژاد برطانوی وزیر خزانہ ساجد جاوید نے استعفیٰ دے دیا

برطانیہ کے وزیر خزانہ ساجد جاوید نے غیر متوقع طور پر استعفیٰ دے دیا۔خبررساں ادارے اے پی کے مطابق حکومت نے اعلان کیا کہ ساجد جاوید کی جگہ رشی سنک وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالیں گے جو پہلے وزارت خزانہ میں ساجد جاوید کے نائب تھے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانس نے بعض کابینہ ارکان کو برطرف کر کے جونیئر وزرا کو ان کی جگہ لے کر آئے ہیں۔برطانوی سیاسی منظر میں حالیہ پیش رفت میں امید کی جاری تھی کہ ساجد جاوید اپنے منصب پر فائز رہیں گے۔خیال رہے کہ حکومت میں وزارت خزانہ کا قلمدان حکومت میں دوسرا بڑا عہد سمجھا جاتا ہے۔ساجد جاوید کے مستعفیٰ ہونے کے بعد ایک ترجمان نے تصدیق کی کہ ساجد جاوید نے ڈاوننگ اسٹریٹ آفس میں وزیراعظم بورس جانسن سے ملاقات کی تھی۔
ساجد جاوید کے استعفیٰ کی خبروں کے بعد خبریں آئیں کہ وزیر خزانہ ساجد جاوید اور بورس جانسن کے انتہائی قریبی ساتھی و مشیر ڈومینک کمنگز سے جھگڑا ہوا تھا۔خیال رہے کہ ساجد جاوید کو ایک سال سے بھی کم عرصے میں اپنا سالانہ بجٹ پیش کرنا تھا لیکن ان کے استعفیٰ نے حکومت کو ہلا کر رکھ دیا ہے کیونکہ رواں سال کے آخر تک 27 ممالک کے یورپی یونین کے ساتھ ایک نئے تعلقات پر بات چیت کا چیلنج درپیش ہے۔
برطانیہ کی پریس ایسوسی ایشن کی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی کہ ساجد جاوید کو بتایا گیا کہ ان کے تمام ساتھیوں کو برطرف کر کے ان کی جگہ وزیر اعظم کے دفتر کے مقرر کردہ عملہ ذمہ داری سنبھالے گا۔برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن سب سے سینئر وزرا کو ان ملازمت پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس ضمن میں ان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکریٹری خارجہ ڈومینک راب، سیکریٹری داخلہ پریتی پٹیل، سیکریٹری جسٹس رابرٹ بکلینڈ اور کابینہ کے دفتر کے وزیر مائیکل گوف اپنے موجودہ عہدوں پر فائز رہیں گے۔بورس جانسن کی حکومت کے متعدد اہم شخصیات بشمول بزنس سیکریٹری آندریا لیڈسم، ماحولیات کی سیکریٹری تھیریسا ویلیئرز اور وزیر ہاؤسنگ ایسٹر میک وے نے بتایا کہ انہیں ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔
علاوہ ازیں بورس جانسن نے ایک اور خلاف توقع اقدام اٹھایا اور شمالی آئرلینڈ کی سیکریٹری جولین اسمتھ کو بھی برخاست کردیا۔واضح رہے کہ جولین اسمتھ نے بریگزٹ سے متعلق سیاسی تعطل کو ختم کرنے میں غیرمعمولی کردار ادا کیا تھا اور ان کی خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close