نیب اپنی تفتیش کو بہتر کرے

پاکستان کی سپریم کورٹ نے نیب کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ احتساب بیورو پچاس پچاس گواہ اکھٹے کرنے کی بجائے معیاری تفتیش پر توجہ دے، من پسند ججوں کی تعیناتی کی خواہش مقدمات کی تاخیر کا سبب بن رہی ہے۔
چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ ’نہ تو نیب میں کام کرنے والے تفتیشی افسران بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کرنے کےلیے تربیت یافتہ ہیں اور نہ ہی پراسیکیوٹرز احتساب عدالتوں میں مقدمات کی پیروی میں دلچسپی رکھتے ہیں‘۔
احستاب عدالتوں میں فیصلہ سازی میں تاخیر کے حوالے سے لیے گئے از خود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی جس میں چیف جسٹس نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ زیر التوا کیسز کو نمٹانا نیب کی سب سے کم ترجیح ہے۔ اس سے قبل 8 جنوری کو ہونے والی سماعت میں جسٹس مشیر عالم نے چیف جسٹس سے درخواست کی تھی کہ ٹرائل کورٹس میں ملزم پر مقدمے کی کارروائی میں تاخیر پر ازخود نوٹس لے کر ایک خصوصی بینچ بنایا جائے۔
عدالت عظمیٰ نے نیب کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی جس میں ٹرائلز میں تاخیر کی وجوہات، کتنی عدالتوں میں پریزائڈنگ ججز کی کمی ہے اور ان آسامیوں کو پر کیوں نہیں کیا گیا اس کی وجہ پر روشنی ڈالی جائے‘۔
اسے قبل جمعرات کو ہونے والی سماعت میں پراسیکیوٹر جنرل اصغر حیدر نے عدالت کو بتایا تھا کہ نیب چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور اس حوالے سے ریجنل دفاتر کو خطوط بھی ارسال کردیے گئے ہیں جس میں کہا گیا کہ وہ بذات خود کارروائی کی رفتار دیکھ رہے ہیں۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ 6 ماہ کے عرصے میں مختلف عدالتوں میں زیر التوا ایک ہزار 226 ریفرنس نمٹائے جاسکتے ہیں بشرط یہ کہ تیزی سے کام کیا جائے اور اگر ایک کیس میں گواہان کی بڑی تعداد کو شامل کیا جائے گا تو معاملہ کبھی حل نہیں ہوگا۔
چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ ’نیب کو ریفرنسز میں گواہان کی تعداد کے بجائے گواہی کے معیار پر توجہ دینی چاہیئے‘۔
پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت کو بتایا کہ نیب بنیادی تبدیلیاں کرنے اور پورے تفتیشی نظام کو از سر نو ترتیب دینے کےلیے پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی معاونت حاصل کرنے کےلیے اشتہار دینے پر کام کررہا ہے۔
از خود نوٹس کی سماعت میں سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ مختلف شہروں میں احتساب عدالتوں کے ججز کی 5 خالی آسامیوں پر تعیناتیاں کی جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close