کورونا وائرس : اسپین میں ہونے والا موبائل ورلڈ کانگریس منسوخ

چین میں پھیلنے والے کورونا وائرس کے خوف کے باعث اسپین کے شہر بارسلونا میں ہونے والے موبائل انڈسٹری کی دنیا کا سب سے بڑے میلے موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈبلیو سی) 2020 کو منسوخ کر دیا گیا۔ موبائل ورلڈ کانگریس 2020 کا انعقاد 24 تا 27 فروری ہونا تھا جس میں دنیا بھر سے اسمارٹ فون اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو شرکت کرنا تھی۔
ایم ڈبلیو سی کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے خوف کے باعث تقریب منسوخ کرنے کا باقاعدہ اعلان بھی کیا۔ ایونٹ کی انتظامیہ جی ایس ایم اے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ محفوظ، صحت مند اور میزبان ملک اسپین میں منعقد ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس 2020 دنیا بھر میں پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس کے خوف کے باعث منسوخ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سفری اور دیگر حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے یہ کانفرنس کرنا اب ناممکن ہے، میزبان ملک میں شرکت کرنے والی شخصیات اور کمپنیاں ہمارے اس فیصلے کو سمجھنے کے ساتھ اس کا احترام بھی کر رہی ہیں۔ جی ایس ایم اے کے سربراہ نے چین سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب ہم ایم ڈبلیو سی 2021 کے لیے ایک دوسرے کی حمایت کو جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث متعدد کمپنیوں نے موبائل ورلڈ کانگریس 2020 میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔
موبائل فون کمپنی ایل جی، زیڈ ٹی ای، این ویڈیا، اور ایریکسن کے بعد چند روز قبل ہی مقبول ترین ٹیکنالوجی کمپنی سونی اور ایمازون نے بھی کورونا وائرس کے پیشِ نظر ایم ڈبلیو سی 2020 میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close