اچھی صحت کےلیے مکمل نیند ضروری ہے

نیند کی کمی سے خواتین کو بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، نیند پوری نہ کرنے کی وجہ سے انہیں دل کے امراض بھی لاحق ہوسکتے ہیں کیوں کہ اس عادت کے نتیجے میں وہ زیادہ کھانے لگتی ہیں۔
امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی کی ایک طبی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جن خواتین کی نیند کا معیار خراب ہوتا ہے، وہ ناقص معیار کی غذا کو زیادہ مقدار میں جزوبدن بناتی ہیں جس کے نتیجے میں موٹاپے کے ساتھ ساتھ دل کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔ تحقیق میں 495 خواتین کو شامل کیا گیا جن سے ان کی نیند اور غذائی عادات کے بارے میں تفصیلات حاصل کی گئیں۔
ان خواتین کی عمریں 20 سے 76 سال کے درمیان تھیں اور محققین نے دریافت کیا کہ ایک تہائی خواتین ناقص نیند یا کسی حد تک بے خوابی کی شکار تھیں جب کہ 27.5 فیصد 7 گھنٹے یا اس سے زائد کم وقت تک سونے کی عادی تھیں۔
اوسطاً زیادہ تر خواتین تجویز کردہ مقدار سے زیادہ چربی اور چینی کا استعمال کررہی تھیں جب کہ اجناس، فائبر اور دودھ کی مصنوعات کو کم استعمال کررہی تھیں۔
محققین نے دریافت کیا کہ کم نیند یا ناقص معیار کی نیند سے خواتین زیادہ چینی اور زیادہ مقدار میں غذا کھانے لگیں جن کا تعلق مختلف امراض جیسے موٹاپے اور ذیابیطس ٹائپ ٹو سے جوڑا جاتا ہے۔
اس کے مقابلے میں اچھی نیند لینے والی خواتین کا غذائی انتخاب صحت بخش تھا۔
ماضی میں تحقیقی رپورٹس میں یہ ثابت ہوچکا کہ ناقص نیند اور صحت کےلیے نقصان دہ غذا کے استعمال کے درمیان تعلق موجو دہے، جب کہ بے خوابی زیادہ کھانے بشمول چربی کا امکان بڑھاتی ہے۔
محققین نے اس بارے میں بتایا کہ اچھی نیند زیادہ بہتر غذا کے انتخاب کا باعث بنتی ہے خصوصاً ایسی غذا جو دل کی شریانوں کے امراض کا خطرہ کم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تحقیق محدود نوعیت کی تھی اور نیند کے ساتھ غذا کا تعلق بلاواسطہ ہوسکتا ہے جب کہ جو طریقہ کار استعمال کیا گیا وہ یہ ثابت نہیں کرتا کہ ناقص نیند خواتین میں نقصان دہ غذائی انتخاب کا باعث بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیند کا معیار ممکنہ طور پر زیادہ غذا اور کیلوریز کے استعمال کا باعث بن سکتا ہے کیوں کہ اس سے بھوک کے سگنلز متحرک ہوتے ہیں یا پیٹ بھرنے کا احساس دلانے والے سگنلز دب جاتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close