پاکستان کا کروز میزائل ’رعد 2‘ کا کامیاب تجربہ

پاکستان نےرعد 2 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو فضا سے زمین اور سمندر پر مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جس سے ملکی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق رعد 2 فضا سے لانچ کیے جانے والا میزائل ہے جو زمین اور سمندر کے اہداف کو 600 کلومیٹر تک نشانہ بنا سکتا ہے۔ یہ نظام جدید گائیڈنس اور نیویگیشن سسٹم سے لیس ہے جس کی بدولت یہ کمال مہارت کے ساتھ بالکل ٹھیک نشانہ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
میزائل تجربے کی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹیجک پلان ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج اور چیئرمین نیسکام ڈاکٹر نبیل حیات ملک سمیت اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن، اسٹریٹیجک فورسز اور اسٹریٹیجک آرگنائزیشن کے دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ رعد ٹو کے کامیاب تجربے سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن انجینئرز اور سائنسدانوں کی تکنیکی مہارت، لگن اور جذبے کو سراہا جنہوں نے ہتھیاروں کے نظام کی تیاری اور اس کے کامیاب لانچ کے لیے انتھک محنت کی۔ انہوں نے اسے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کی جانب بھی ایک اہم قدم قرار دیا۔
صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے سائنس دانوں اور انجینئرز کو میزائل کے کامیاب تجربے پر مبارک باد پیش کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close