ہم جنس پرستی بارے پاکستانی فلم جوائے لینڈ کا ایک اور اعزاز

مخنث افراد اور ہم جنس پرستی پر بنائی جانے والی متنازعہ فلم ’’جوائے لینڈ‘‘ نے انٹرنیشنل فیچرز فلم کی کیٹیگری میں اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزدگی حاصل کر کے سنڈینس فلم فیسٹیول کیلئے بھی نامزدگی حاصل کر لی ہے۔ انسٹا گرام پر معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے اپنے ایک پیغام میں بتایا کہ فلم جوائے لینڈ کو سنڈینس فلم فیسٹیول کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے، اداکارہ نے فلم کا آفیشل سلیکشن پوسٹر شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا کہ رواں سال بہترین ہوتا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی فلم جوائے لینڈ کو عالمی سطح پر کئی فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے جبکہ جوائے لینڈ انٹرنیشنل فیچرز فلم کی کیٹیگری میں 2023 میں اکیڈمی ایوارڈ یعنی آسکر  کے لیے بھی نامزد ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ اپنے منفرد موضوع کی وجہ سے فلم کی پاکستان میں نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جس کے بعد وزیراعظم کی جانب سے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی نے فلم پر اعتراض ختم کرتے ہوئے اسے ریلیز کرنے کی اجازت دے دی تھی۔پابندی ہٹنے کے بعد فلم کو کراچی سمیت سندھ بھر میں ریلیز کر دیا گیا تھا جہاں فلم نے اچھا بزنس کیا لیکن فلم کو پنجاب میں نمائش کے لیے کلیئر نہیں کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستانی ڈائریکٹر، رائٹر و اداکار صائم صادق کی فلم جوائے لینڈ کی کہانی ایک خواجہ سرا کی زندگی پر بنائی گئی ہے جس کو سرمد کھوسٹ اور اپوروا چرن نے پروڈیوس کیا ہے۔ اس میں لاہور کے محنت کش طبقے کے ایک شادی شدہ مرد اور ایک خواجہ سرا کے بڑھتے ہوئے رشتے کو دکھایا گیا ہے۔ فلم میں ثروت گیلانی، ثانیہ سعید، علی جونیجو، ثنا جعفری، علینہ خان سمیت دیگر اداکاروں نے کام کیا۔اس فلم کو بین الاقوامی شہرت ملی جب اسے پاکستان کی جانب سے آسکرز کے لیے نامزد کیا گیا اور کانز فلم فسیٹیول میں جیوری پرائز ملا ہے۔

Related Articles

Back to top button