جمائمہ نے پنکی پیرنی کو جادوگرنی قرار دے دیا

وزیراعظم عمران خان کی پہلی بیوی جمائمہ خان نے کپتان کی تیسری اہلیہ بشری بی بی عرف پنکی پیرنی کو جادوگرنی قرار دے دیا ہے. جمائمہ نے ٹوئٹر پر ایک خیالی فلمی پوسٹر شئیر کیا ہے جس میں بشریٰ بی بی المعروف پنکی پیرنی کوئی روحانی عمل کرتی نظر آ رہی ہیں اور کپتان ایک تابعدار مرید کی طرح مٹی کے مادھو بنے بیٹھے ہیں۔ اس پوسٹر کے اوپر جمائمہ خان کی تصویر بھی موجود ہے اور کیپشن میں پیرنی کو مخاطب کر کے لکھا گیا ہے، تونے کیسا جادو کیا؟


سب جانتے ہیں کہ دو سال قبل کپتان کی پنکی پیرنی کے ساتھ تیسری شادی روحانی عمل کا نتیجہ ہے کیوںکہ انہیں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم بننے کا راستہ اس شادی کے ذریعے ہموار ہو گا۔ کہا جاتا ہے بشریٰ بی بی المعروف پنکی پیرنی سے روحانی درس لیتے لیتے کپتان ان کے گرویدہ ہوگئے اور پنکی پیرنی کے کہنے پر ہی کپتان نے اپنی دوسری بیوی ریحام خان سے علیحدگی اختیار کی۔ پنکی پیرنی کی روحانی قوت اور عملیات کی اثر پذیری کے نہ صرف عمران خان قائل ہیں بلکہ جو لوگ بھی انہیں قریب سے جانتے ہیں ان کا ماننا ہے کہ بشریٰ بی بی کے پاس موکلات ہیں اور وہ کالے جادو کا توڑ بھی بہت خوب جانتی ہیں۔
خیال رہے کہ عمران خان کی سابق بیوی ریحام خان نے کپتان سے طلاق کے بعد اپنی کتاب میں لکھا تھا کہ جن دنوں وہ عمران خان کے عقد میں تھیں،ان دنوں بشریٰ بی بی کے مشورے پر عمران خان اپنے ننگے جسم پر کالی ماش کی دال لیپ کیا کرتے تھے تاکہ وہ کالے جادو کے اثر سے محفوظ رہیں۔ ریحام خان کے انکشاف کے بعد اب لندن میں رہنے والی جمائمہ نے بھی ایک مزاحیہ مگر معنی خیز پوسٹر شئیر کیا ہے جس میں ان کے سابق شوہر کی موجودہ عاملہ بیوی پنکی پیرنی کی روحانی قوت کی جانب اشارہ کیا گیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ جمائما نے یہ پوسٹر شیئر کرکے دراصل یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ بشری بی بی ملکی معاملات اور کپتان کو چلانے کے لئے جادو ٹونے کا سہارا لیتی ہیں۔
فلمی پوسٹر میں وزیر اعظم عمران خان کے پیچھے بشریٰ بی بی کو دکھایا گیا ہے جن کے ہاتھ میں ایک کرسٹل بال ہے۔ کرسٹل بال پر نظر آنے والی عبارت میں ’تو نے کیسا جادو کیا‘ درج ہے۔ فلمی پوسٹر پر جمائما خان نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کون ہے وہ جسے لالی ووڈ کا پوسٹر پسند نہیں؟ ایسا انہوں نے پوسٹر کو اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ کے ذریعے شیئر کرتے ہوئے لکھا۔
جمائما خان کا اس پوسٹر کو ٹوئٹ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ لاہور میں ان کے ایک دوست نے اس لالی وڈ پوسٹرکی نشاندہی کی ہے۔ مذکورہ فلمی پوسٹرمیں بشریٰ بی بی اور عمران خان کے علاوہ جمائما کو بھی دکھایا گیا ہے۔ جمائما خان کو سفید قمیض اور دوپٹے میں چھوٹا کر کے دکھایا گیا ہے۔ فلمی پوسٹرمیں دکھائے گے کرسٹل بال پر درج ہے’’تو نے کیسا جادو کیا؟‘‘۔
وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما نے فلمی پوسٹر کا انگریزی ترجمہ کرکے اس کے ساتھ با معنی تین مزاحیہ اموجیز بھی بنائے ہیں۔ جمائما کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں کی طرح ان کو بھی یہ عمل مضحکہ خیز لگا ہے لیکن وہ کسی کی تضحیک نہیں چاہتی ہیں۔
واضح رہے کہ جمائما خان وزیر اعظم عمران خان کی پہلی بیوی ہیں جن میں سے وزیر اعظم کے دو بیٹے ہیں۔ اس کے علاوہ جمائمہ کپتان کی بیٹی ٹیری وائٹ کی پرورش بھی اپنے بیٹوں کے ساتھ ہی کررہی ہیں۔ تاہم عمران خان نے آج دن تک ٹیری وائٹ کو اپنی بیٹی تسلیم نہیں کیا حالانکہ ایک امریکی عدالت ڈی این اے ٹیسٹ کی بنیاد پر ٹیری کو عمران کی بیٹی قرار دے چکی ہے۔

جمائما سے طلاق کے کئی برس بعد وزیر اعظم عمران خان نے ریحام خان سے شادی کی تھی جس کا انجام بھی طلاق پر ہوا۔ ریحام خان کا کہنا ہے کہ ان کی طلاق میں بشریٰ بی بی کا مرکزی کردار تھا جو کہ اس زمانے سے عمران کی روحانی پیشوا ہیں۔ اب بشریٰ بی بی المعروف پنکی وزیر اعظم عمران خان کی تیسری بیوی ہیں۔
کپتان کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی سے کپتان کی شادی کے بعد سے ان کے بیٹے اور جمائمہ ان سے خوش نہیں اور یہی وجہ ہے کہ اب کپتان اپنے بیٹوں اور جمائمہ سے بھی ملاقات نہیں کرتے۔ یاد رہے کہ جب سے کپتان اور بشریٰ بی بی کی شادی ہوئی ہے نہ تو عمران کے دونوں بیٹے کبھی پاکستان آئے ہیں اور نہ ہی کبھی عمران انہیں ملنے لندن گے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close