پشاور زلمی کا کوئٹہ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پشاور زلمی نے ٹیم میں ایک تبدیلی جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے میچ میں کھلائی گئی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔
زلمی نے محمد محسن کو ڈراپ کرکے محمد عامر خان کو ٹیم میں شامل کیا ہے کہ کوئٹہ نے بین کٹنگ کی جگہ ٹیمل ملز اور عبدالناصر کی جگہ احسن علی کو میدان میں اتارا ہے۔
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے آج گزشتہ میچ سے بہتر کھیل پیش کر سکیں، ہم پہلے باؤلنگ اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہدف کا تعاقب کرنا پسند کرتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کراچی کی پچ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی پچ بہت بہترین ہے، گزشتہ روز بھی اس وکٹ پر بہترین میچ ہوا اور آج بھی یہ بیٹنگ کے لیے بہترین وکٹ لگ رہی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کے خواہاں تھے لیکن اب اچھا اسکور کر کے میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وکٹ پر 170-170 رنز اسکور ہونے چاہئیں، ہماری ٹیم بہت پراعتماد ہے اور کوشش کریں گے کہ جیت کا سلسلہ جاری رکھیں۔
دونوں ٹیموں پاکستان سپر لیگ کے روایتی حریف تصور کیے جاتے ہیں اور کئی مواقعوں پر دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے جس میں کبھی گلیڈی ایٹرز کامیاب رہے اور کبھی فتح نے پشاور زلمی کے قدم چومے۔
اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 13 میچ کھیلے گئے جس میں سے 7 میں گلیڈی ایٹرز کامیاب رہے جب کہ پانچ میں پشاور زلمی نے فتح حاصل کی، ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3وکٹوں سے شکست دی تھی۔
دوسری جانب پشاور زلمی کو لیگ میں اپنے افتتاحی میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور کراچی کنگز نے انہیں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10رنز سے مات دی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close