کپتان کے کہنے پر جمائما نے پیرنی مخالف ٹویٹ ڈیلیٹ کردی

معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے رابطہ کرنے پر ان کی پہلی بیوی جمائمہ خان نے 17 فروری 2020 کے روز کی جانے والی وہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی ہے جس میں انہوں نے کپتان کی تیسری بیوی بشریٰ بی بی عرف پنکی پیرنی کو کالے جادو کی ماہر جادوگرنی قرار دیا تھا۔ یاد رہے کہ جمائمہ خان کی اس ٹویٹ نے سوشل میڈیا پر ایک طوفان کھڑا کر دیا تھا۔
وزیراعظم کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ آج کل اسی ٹویٹ کی وجہ سے پاکستانی سوشل میڈیا پر بحث کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے 17 فروری کو ایک دلچسپ فلمی سٹائل پوسٹر ٹویٹ کیا تھا جس میں ان کی اور بشریٰ بی بی کی تصاویر پینٹ کی گئی تھیں۔ اس پوسٹر میں بشریٰ بی بی کی تصویر پر لکھا تھا “تو نے یہ کیسا جادو کیا؟”
تاہم جمائمہ خان نے اس پوسٹر کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اس اردو فقرے کی انگریزی ٹرانسلیشن میں جادو یعنی میجک کے ساتھ اضافہ کرتے ہوئے اسے بلیک میجک یا کالا جادو لکھ دیا تھا جس سے اس فقرے کی کاٹ میں مزید اضافہ ہوگیا تھا۔
جمائما نے اس ٹویٹ میں لکھا تھا: ’کون لالی وڈ کے پوسٹر پسند نہیں کرتا؟ آج لاہور میں ایک دوست کی اس پوسٹر پر نظر پڑی ۔۔۔ اس کا عنوان ہے تُو نے کیسا کالا جادو کیا؟
تاہم سوشل میڈیا پر اس ٹویٹ کے بعد جو طوفان کھڑا ہوا اس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے جمائمہ سے فون پر رابطہ کر کے اسے ڈیلیٹ کرنے کی درخواست کی جو جمائما نے قبول کرلی۔ اب یہ ٹوئٹ ان کے اکاؤنٹ سے غائب ہوگئی ہے۔
جمائما کی اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھانت بھانت کے تبصرے کرنا شروع ہوگئے اور ’جمائما‘ پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ بنا گیا۔ سیاسی و سماجی حلقوں میں جمائمہ کی ٹویٹ کے حوالے سے یہ تاثر دیا گیا کہ عمران خان کی مطلقہ جمائمہ نے اپنے سابق شوہر عمران خان کی تیسری بیوی بشریٰ بی بی عرف پنکی پیرنی کو کالا جادو کرنے والی عورت قرار دیا ہے۔ چونکہ ایسا پہلی بار ہوا تھا کہ جمائمہ خان کی جانب سے عمران خان یا ان سے منسلک کسی فرد پر تنقید کی گئی ہو اس لیے ہر طرف یہ چہ میگوئیاں ہونے لگیں کہ عمران خان اور جمائمہ میں بھی اختلافات پیدا ہو چکے ہیں حالانکہ طلاق کے بعد سے بھی دونوں میں دوستی قائم تھی کیونکہ جمائمہ خان عمران خان کے دونوں بیٹوں قاسم اور سلیمان کو پال رہی ہیں۔
کامو خان نامی صارف نے عمران خان اور جمائما کی پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’ہا ہا ہا۔۔ قابل عزت خاتون (اصل میں) یہ محبت کا جادو ہے۔ کیا آپ اب تک عمران خان کی محبت میں گرفتار ہیں؟
مسلم لیگ ن کے ایک کارکن نے لکھا: ’جمائما بی بی کے ٹویٹ کرنے کے بعد مجھے یقین ہے کہ انصافی اب مخالفین سے یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ بشریٰ بی بی کو سیاست میں نہ گھسیٹیں یا انہیں جادوگرنی یا بلا کہیں۔ یا تو جمائما بی بی کو یہ پوسٹ کرنے پر ان کی مذمت کریں یا ہمیشہ کے لیے خاموشی اختیار کر لیں۔
ایک صارف عائشہ اعجاز خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’جمائما نے ’پیرنی‘ پر تنقید کی ہے اس کے باوجود تحریک انصاف کے کارکنوں نے اپنے جوابات میں ’آپ اب بھی ہماری بھابھی ہیں‘، ’آپ بہت وفادار ہیں‘ اور ’ہم آپ کے مستحق نہیں ہیں‘ جیسے جملوں کی بھرمار کر دی۔ یہ مسخروں کا ٹولہ ہیں۔
میمز بائے نبیل‘ ہینڈل سے کی گئی ٹویٹ میں جمائما کی جانب سے شیئر کیے گئے پوسٹر کو جعلی قرار دے کر صارف نے پوسٹر کو فوٹو شاپ کر کے اس پر ریحام خان کو جادوگرنی کے روپ میں پیش کرتے ہوئے لکھا: ’اچھا میڈم، مجھے اصل جادوگرنی کی تصور پوسٹ کرنے دیجیے۔
خیال رہے کہ جمائما گولڈ سمتھ برطانوی شہری ہیں اور ان کا تعلق لندن کے ایک متمول خاندان سے ہے۔ انہوں نے 1995 میں عمران خان سے شادی کی تھی تاہم نو سال کے بعد ان کے درمیان جون 2004 میں طلاق ہو گئی تھی۔ عمران خان نے جمائما سے علیحدگی کے بعد طویل عرصے تک شادی نہیں کی تاہم 10 سال بعد یعنی 2014 میں عمران خان نے اینکر پرسن ریحام خان سے شادی کی لیکن یہ شادی محض ایک برس ہی چل سکی۔ سابق کرکٹر نے شادیوں کی ہیٹرک 2018 میں اس وقت کی جب عام انتخابات سر پر تھے۔ وزیر اعظم بننے کے بعد عمران خان نے اپنی کامیابی کا سہرا بشریٰ بی بی کے سر سجایا تھا۔ میڈیا میں عمران خان کی تیسری اہلیہ کی روحانی طاقت کے حوالے سے کئی رپورٹ شائع ہو چکی ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر ان کی روحانیت پر اکثر میمز بھی سامنے آتی رہتی ہیں اور انہیں طنزیہ طور پر ’پیرنی‘ کے لقب سے پکارا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close