دنیا کے سب سے عجیب و غریب جانور

آپ نے دنیا کے خوبصورت، پرکشش اور حیرت انگیز مناظر کو دیکھا ہی ہوگا مگر کیا کبھی ایسے جانوروں کو بھی دیکھا ہے جو مضبوط سے مضبوط دل کے مالک افراد کو بھی ایک لمحے کے لیے کانپنے پر مجبور کر دیتے ہیں؟ یا اگر آپ کے خیال میں کوئی چیز آپ کو ڈرا نہیں سکتی تو ان جانوروں کو دیکھنے کے بعد ہوسکتا ہے آپ کو اپنے خیال پر نظرثانی کرنا پڑجائے۔ ایسے جانوروں کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔
اسٹار نوز مول(چھچھوندر)پاکستان میں تو چھچھوندریں کافی عام ہوتی ہیں مگر اسٹار نوز مول کی تو بات ہی الگ ہے، چہرے کی جگہ عجیب سی ناک اور لمبے پنجے کسی کی بھی ریڑھ کی ہڈی میں سنسنی دوڑا سکتے ہیں تاہم یہ لگ بھگ نابینا ہوتی ہے اور درحقیقت زیادہ خطرناک بھی نہیں ہوتی۔
گوبلن شارک ویسے تو شارک کا نظارہ کسی بھی بہادر انسان کو بھی خوفزدہ کر دیتا ہے مگر اس کی گوبلن نامی نسل کی مچھلی تو دیکھنے میں ہی اتنی خوفناک ہوتی ہے کہ کمزور دل حضرات کےلیے تو اسے دیکھنا ہی کافی بھاری پڑسکتا ہے تاہم اچھی بات یہ ہے کہ یہ سمندر میں بہت گہرائی میں پائی جاتی ہے اور سطح پر بہت کم ہی نظر آتی ہے۔
گھڑیال مگرمچھوں کی نسل کا یہ جانور برصغیر میں عام پایا جاتا ہے اور اپنی نسل کے خشکی و پانی میں رہنے والے جانوروں میں سب سے لمبا ہوتا ہے مگر اس کی دہشت بڑھانے میں اس کا پتلا مگر لمبا منہ اور بلیڈ جیسے تیز دانت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
آئی آئی نامی یہ نایاب ممالیہ جانور دیکھنے میں کسی اور ہی دنیا کی مخلوق لگتا ہے اور کسی کو بھی خوفزدہ کرسکتا ہے تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ یہ صرف مڈغاسکر میں ہی پایا جاتا ہے۔
کوکونٹ کیکڑا یہ زمین پر پائے جانے والے دنیا کے سب سے بڑے کیکڑے ہوتے ہیں جو تین فٹ لمبے ہو سکتے ہیں، یہ مرغیوں اور بلیوں تک کو ہڑپ کر لیتے ہیں اور کوئی انسان ان کے دانتوں کی زد میں آ جائے تو اسے بھی کافی عرصہ ہسپتال میں گزارنا پڑسکتا ہے۔
لیمپرے بام مچھلی سے مشابہ یہ انوکھی مچھلی دیکھنے میں تو خوفناک ہے ہی مگر اس کے ساتھ یہ خون چوسنے کی بھی عادی ہوتی ہے اور اگر کسی انسان سے چمٹ جائے تو اس کےلیے بہت تکلیف دہ ثابت ہوتی ہے۔
ٹیوب نوز چمگادڑ تو ویسے بھی کوئی زیادہ خوبصورت پرندہ نہیں مگر اس کی یہ نسل اپنی سرخ آنکھوں اور عجیب ناک کے امتزاج کے باعث بالکل ہی کسی دوسری دنیا کی مخلوق بنا دیتی ہے۔
ویمپائر ہرن یہ انوکھا ہرن کسی ڈریکولا کی طرح دو دانت منہ سے باہر نکالے ہوئے ہوتا ہے اور دیکھنے میں کافی بھیانک لگتا ہے اور اہم بات یہ ہے کہ افغانستان میں پایا جاتا ہے۔
گولائتھ برڈ ایٹر یہ عظیم الجثہ مکڑی یا ٹرنٹولا کیڑوں کو توچھوڑیں پرندوں اور چھوٹے جانوروں تک کو شکار کر دیتی ہے اور کوئی انسان اسے دیکھ لے تو ایک لمحے کےلیے تو اس پر بھی تھرتھری سی طاری ہوجاتی ہے۔
ہیئری فروگ فش ذرا سوچئے بالوں کا ایک گچھا آپ کی جانب لپک رہا ہو اور بار بار اس کا منہ بھی کھل رہا ہو تو کیسا محسوس کریں گے؟ یہ ہیئری فروگ فش بھی کچھ ایسی ہی ہے جس کو دیکھنا کوئی خوشگوار تجربہ ثابت نہیں ہوتا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے بھیس بدلنے کا ماسٹر بھی مانا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close