بیرسٹر فہد ملک کیس کے تینوں ملزمان کو عمر قید

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بیرسٹر فہد ملک قتل کیس کے تینوں ملزموں کو قصور وار قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج عطا ربانی نے بیرسٹر فہد ملک قتل کیس کی سماعت کی جس دوران ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا اور ان کی حاضری لگواکر انہیں بخشی خانے واپس بھیج دیا۔

بعد ازاں عدالت نے بیرسٹرفہد ملک قتل کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مقدمے میں نامزد تینوں ملزمان راجہ ارشد، نعمان کھوکھر اور ہاشم کو عمرقید کی سزا سنائی۔واضح رہے کہ 2016 میں 14 اور 15 اگست کی درمیانی شب بیرسٹر فہد ملک کو اسلام آباد میں قتل کیا گیا تھا جس کے بعد 4 چشم دید گواہان نے کیس میں نامزد تینوں ملزمان کے خلاف بیان دیا تھا۔

کیس کی فارنزک رپورٹ میں قتل میں استعمال کی گئی کلاشنکوف اور جائے وقوعہ سے ملے خول بھی میچ کر گئے تھے جب کہ کیس کے مرکزی ملزم راجہ ارشد کو ملک سے فرار کی کوشش میں طورخم بارڈر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

Related Articles

Back to top button