کورونا وائرس : لاک ڈاؤن سے وینس کینال کا پانی صاف ہو گیا

دنیا میں سیاحت کےلیے مشہور مقام اٹلی کے شہر وینس کی کینال کا پانی ان دنوں شفاف ہو گیا ہے۔ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کےلیے اٹلی کی حکومت نے شہر کا لاک ڈاؤن کر رکھا ہے۔ تاہم وینس کی نہروں پر اس کے مثبت اثرات ظاہر ہونے لگے ہیں اور ان کا پانی بالکل صاف ہوگیا ہے۔


وینس کے بعض شہریوں نے سوشل میڈیا پر کچھ تصویریں شیئر کرائی ہیں جن میں وینس کی مشہور نہروں کا صاف شفاف پانی دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ پانی اتنا شفاف ہے کہ اس میں تیرتی ہوئی مچھلیاں تک دکھائی دے رہی ہیں، جب کہ لاک ڈاؤن سے پہلے یہی پانی بہت گدلا تھا اور اس میں سے بدبو اٹھنے لگی تھی۔

تاریخی اور خوبصورت مقامات کے باعث اٹلی کو یورپ میں اہم سیاحتی ملک بھی قرار دیا جاتا ہے جہاں 2018 میں چھ کروڑ سے زیادہ غیر ملکی سیاح گھومنے پھرنے کےلیے آئے تھے۔ عالمی سیاحت کے میدان میں اٹلی کا پانچواں نمبر ہے۔
لیکن سیاحتی سرگرمیوں کی وجہ سے وہاں کا قدرتی حسن بھی آلودہ ہورہا تھا جسے بچانے کی غرض سے اٹلی کی حکومت نے سیاحوں کےلیے سخت قوانین بھی بنائے تھے۔ تاہم ان کا کچھ خاص فائدہ نہیں ہوسکا۔
لاک ڈاؤن کے نتیجے میں اٹلی تقریباً مکمل طور پر بند ہے اور وہاں سیاحت سمیت تمام معمولات معطل ہیں۔ اس کے خوشگوار اثرات وہاں کے ماحول پر دیکھے جاسکتے ہیں جو بلاشبہ دلچسپ اور حیرت انگیز ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close