گلوکارہ میڈونا کی باتھ ٹب میں بنی کرونا ویڈیومتنازع کیوں؟

معروف امریکی پاپ گلوکارہ میڈونا یوں تو ہمیشہ ہی اپنے انوکھے انداز کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں تاہم کرونا وائرس کے پھیلنے کے بعد انہوں نے اپنے باتھ ٹب میں لیٹ کر ایک تازہ ویڈیو بنائی ہے جس میں وہ کرونا وائرس کی تعریف کرتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ یہ ایک ایسا زبردست وائرس ہے جس نے مساوات کے اصول کو اپنایا ہے اور یہ امیر اور غریب سب لوگوں پر بلا تفریق حملہ آور ہے۔ میڈونا کو یہ متنازع ویڈیو بنانے پر دنیا بھر میں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
خوبصورت امریکی گلوکارہ نے اگرچہ کرونا وائرس کی وجہ سے اپنے میوزیکل شو منسوخ کردئیے تھے تاہم 23 مارچ کو انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر عالمی وبا سے متعلق ایک ویڈیو شیئر کی جس پر انہیں دنیا بھر سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اگرچہ میڈونا نے انسٹاگرام سے ویڈیو ڈیلیٹ کردی تاہم اب بھی یہ ویڈیو متعدد نیوز ویب سائٹس پر موجود ہے جس میں اداکارہ کو کرونا سے متعلق بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ گلوکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی مختصر ویڈیو میں انہیں انتہائی سنجیدہ حالت میں دیکھا جا سکتا ہے اور وہ ویڈیو میں باتھ ٹب میں نہاتی دکھائی دے رہی ہیں۔ ویڈیو میں اداکارہ کے باتھ ٹب میں گلاب کی پتیاں بھی موجود ہیں اور وہ انتہائی سنجیدگی سے لوگوں کو کرونا وائرس سے متعلق کہتی ہیں کہ کرونا کو اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ آپ کتنے امیر ہیں، کتنے مشہور ہیں، کتنے غریب ہیں، آپ کی قومیت، رنگ، عمر اور جنس کیا ہے۔ اس نے جب شکار کرنا ہوتا ہے تو ہر فرد کو بلا تفریق اپنا شکار بناتا ہے۔ اداکارہ کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ کرونا وائرس کتنا زبردست ہے کہ اس نے تمام تفریق مٹاتے ہوئے سب کو ایک جیسا ہی کردیا۔ انہوں نے کرونا کی وبا کو زبردست مساوات کا نمونہ قرار دیا اور کہا کہ اس وبا نے سب کو ایک ہی کشتی کا سوار بنادیا ہے۔ ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ وہ تو پہلے سے ہی کہتی آ رہی ہیں کہ ہم سب ایک ہی کشتی کے سوار ہیں اور اگر ہم کسی جہاز میں سفر کریں گے اور وہ جہاز نیچے آئے گا تو ہم سب ایک ساتھ ہی نیچے آئیں گے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق مذکورہ ویڈیو کو شیئر کرنے کے بعد گلوکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ان پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ وبا سے متعلق لوگوں کو ورغلا رہی ہیں۔ شدید تنقید کے بعد گلوکارہ نے اپنی ویڈیو کو انسٹاگرام سے ڈیلیٹ کردیا، مگر ان کی ویڈیو اب بھی متعدد نیوز ویب سائٹس پر موجود ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ میڈونا کو اپنی کسی ویڈیو کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہو، اس سے قبل بھی انہیں چند متنازع ننگی ویڈیوز بنانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ میڈونا اس سے قبل بھی اپنے واش روم میں بنائی گئی متعدد ویڈیوز مداحوں کے ساتھ شیئر کر چکی ہیں، گزشتہ برس موسم سرما میں انہوں نے باتھ ٹب میں بنائی گئی ایک اور متنازع ویڈیو بھی شیئر کی تھی جس پر انہیں دنیا بھر سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ میڈونا نے موسم سرما میں ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہیں برف کے انتہائی ٹھنڈے پانی سے باتھ ٹب میں نہاتے ہوئےدیکھا جا سکتا تھا اور بعد ازاں انہوں نے ویڈیو کے آخر میں گلاس میں موجود ڈرنک پی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ وہ پیشاب پی رہی ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا تھا ایسا کرنے سے لوگ صحت مند رہتے ہیں۔ یاد رہے کہ آج کل بھارت میں بھی ہندو مت کو ماننے والے لوگ گائے کے پیشاب کو کرونا وائرس کے علاج کی دوا کے طور پر پی رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close