امریکی ریاستوں میں نافذ دلچسپ اور عجیب قوانین

بعض متروک شدہ قوانین ایسے بھی ہوتے ہیں کہ جنہیں آج کے تناظر میں دیکھا جائے تو وہ بڑے دلچسپ اور عجیب لگتے ہیں لیکن وہ گزرے دور کی ایک جھلک ضرور پیش کرتے ہیں۔ آج ہم آپ کو بتایئں گے ماضی میں مختلف امریکی ریاستوں اور شہری حکومتوں کے نافذ کردہ کچھ ایسے ہی قوانین کے بارے میں ۔
ماضی میں کچھ امریکی ریاستوں میں جانوروں کیلئے قانون سازی کی گئی، امریکی ریاست اٹلانٹا کے ایک قانون کے مطابق زرافے کو بجلی یا ٹیلی فون کے کھمبے کے ساتھ باندھنا جرم ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ اس زمانے میں لوگ نہ صرف زرافے پالتے تھے بلکہ انہیں بجلی اور ٹیلی فون کے کھمبوں کے ساتھ باندھتے بھی تھے جبکہ بالٹی مور میں نافذ کئے جانے والے ایک قانون میں شہریوں سے کہا گیا تھا کہ وہ شیر کو فلم دکھانے اپنے ساتھ سینما ہال نہیں لے جاسکتے۔
آئس کریم دنیا میں ہر جگہ مقبول ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ ماضی میں بعض امریکی ریاستوں میں اس کے حوالے سے کچھ مسائل پیش آتے رہتے ہیں جس کا اظہار اس حوالے سے ہونے والی قانون سازی سے ہوتا رہا ہے۔ امریکی ریاست انڈیانا کے شہر بکنل کی شہری انتظامیہ نے ایئرپورٹ پر کانٹے کے ساتھ آئس کریم کھانا خلاف قانون قرار دیا تھا۔ اس طرح ڈیلا ویئر کے ایک قانون میں کہا گیا ہے کہ جہاز کا پائلٹ یا کوئی بھی مسافر آئس کریم جیب میں ڈال کر جہاز میں سوار نہیں ہوسکتا اور نہ ہی جہاز میں سوار ہونے کیلئے قطار میں کھڑا ہوسکتا ہے۔ علاوہ ازیں نیوجرسی کے شہر نیورک میں ڈاکٹری نسخے کے بغیر آئس کریم خریدنا خلاف قانون تھا۔
لہسن کوطبی ماہرین صحت کیلئے ضروری خیال کرتے ہیں مگر امریکی ریاستوں کے چند عشرے پہلے کے قوانین ایک اور تصویر پیش کرتے ہیں۔ انڈیانا کے شہر گیری کے ایک قانون کے مطابق کوئی بھی شخص لہسن کھانے کے چار گھنٹے بعد تک سینما ہال جاسکتا تھا اور نہ ہی پبلک ٹرانسپورٹ میں سوار ہوسکتا تھا۔ اس طرح رہوڑ آئی لینڈ میں لہسن کھانے پر یہ پابندی لگادی گئی تھی کہ اس کےکھانے کے بعد چار گھنٹوں تک ایئرپورٹ کی حدود میں داخل نہیں ہوا جا سکتا تھا۔
دوسروں کے خراٹوں سے اکثر لوگ تنگ ہوتے ہیں لیکن خراٹوں پر قانون سازی غالباً صرف ریاست میسی چوٹس میں ہی کی گئی تھی اور کمرے کے دروازے اور کھڑکیاں اچھی طرح بند کئے بغیر خراٹے لینے کو قابل دست اندازی پولیس جرم قرار دیا گیا تھا۔
جنوں بھوتوں کی کہانیاں تو آپ نے بہت پڑھ اور سن رکھی ہوں گی لیکن شاید یہ کبھی نہ سنا ہوگا کہ جن اور بھوت انسان کے بنائے ہوئے قوانین کے پابند بھی ہیں۔ ریاست الی نوائے کے شہراربانا کی سٹی کونسل نے ایک قانون کے ذریعے جنوں، بھوتوں اور بلاﺅں پر یہ پابندی عائد کردی تھی کہ وہ شہر کی حدود میں داخل نہیں ہوسکتے۔ اس قانون پر عمل ہوا یا نہیں، اس بارے میں تاریخ خاموش ہے۔
کتے کو امریکی معاشرے میں اہم مقام حاصل ہے جہاں ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے کئی ریاستوں میں قانون بھی بنائے گئے ہیں۔ ریاست کولوراڈو کے شہر ڈینور میں ایک قانون کے تحت کتوں کو پہلے سے آگاہ کئے بغیر انہیں پکڑنے کی ممانعت کی گئی ہے۔ قانون میں کہا گیا ہے کہ آوارہ کتے پکڑنے والے افراد اپنی کارروائی سے قبل اہم سڑکوں، پارکوں اور دوسرے عوامی مقامات پر اشتہار لگائیں اور اسے تین دن تک مشتہر کریں۔ اسی طرح ریاست الی نوائے کے شہر نارمل میں کتے کے سامنے مضحکہ خیز شکلیں بنانا اور اس کو منہ چڑھانے کی قانونی طور پر ممانعت تھی جبکہ اس سلسلے میں اوکلا ہاما کے قانون اس سے بھی زیادہ سخت ہے اور اسے قابل دست اندازی پولیس جرم قرار دیا گیا تھا۔
کئی امریکی ریاستوں میں خواتین کے حوالے سے دلچسپ قوانین موجود ہیں۔ ریاست پنسلوانیا کے ایک قانون کے تحت کوئی بھی شخص اپنی بیوی کی تحریری اجازت کے بغیر شراب نہیں خرید سکتا۔ کیلی فورنیا میں لائسنس حاصل کئے بغیر چوہے پکڑنے کیلئے چوہے دان یا کسی دوسری چیز کے استعمال کی ممانعت کردی گئی تھی۔ اسی طرح ریاست اوہائیو کے شہر کلیولینڈ میں بھی شکار کا لائسنس حاصل کئے بغیر چوہے پکڑنا قابل دست اندازی جرم قرار دیا گیا تھا۔ اسی طرح نوٹ کو دھاگے کے ساتھ باندھ کر زمین پر پھینکنا اور جیسے ہی کوئی اسے اٹھانے کی کوشش کرے اسے واپس کھینچ لینا پنسلوینیا میں غیر قانونی ہے۔ اوہائیو میں کسی شخص کی پورٹریٹ کے سامنے کپڑے اتارنا غیر قانونی ہے۔ نیواڈا میں امریکی جھنڈے کو صابن کی ٹکیہ پر لگانا غیر قانونی ہے۔ نیو جرسی میں عوامی مقامات پر سوپ پیتے ہوئے شر شر کی آواز نکالنے والےکو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ ٹیکساس میں بچوں کا غیر معمولی ہیئر سٹائل بنوانا غیر قانونی ہے۔ ریاست میئن میں پروں والے ڈسٹر سے عورت کے گردن پر گدگدی کر کرنا غیر قانونی ہے۔ میری لینڈ میں درختوں میں کیل ٹھوکنا غیر قانونی ہے اور اس پر 50 ڈالر جرمانہ بھی ہو سکتاہے۔ رہوڈ آئی لینڈ میں شفاف کپڑے پہننے کی اجازت نہیں۔ کنساس میں وائن کو چائے کے کپ میں پیش کرنا غیر قانونی ہے۔ نبراسکا میں والدین کے لیے ریاستی لائسنس کے بغیر بچے کے بال گھنگھریالے کروانا غیر قانونی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close