آرمی چیف کے تقرر کیلئے پانچ ناموں کی سمری وزیراعظم ہائوس کو موصول

نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے پانچ ناموں کی سمری وزیراعظم ہائوس کو موصول ہوگئی ہے، ذرائع کے مطابق وزارتِ دفاع کی جانب سے سمری وزیرِاعظم آفس کو بھجوائی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ دفاع کی جانب سے وزیرِاعظم آفس کو بھیجے گئے 5 ناموں میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے اجلاس بھی جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ، وزیرِ قانون سردار ایاز صادق شریک ہیں۔

وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں 2 ناموں پر غور کیا جا رہا ہے، ایک نام چیئرمین جوائنٹ چیفس آف آرمی اسٹاف اور دوسرا آرمی چیف کے لیے فائنل کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق دونوں نام فائنل کرنے کے بعد وزیرِ اعظم سمری صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوائیں گے جن کی منظوری کے بعد اگلے 3 سال کے لیے نئے آرمی چیف کی تعیناتی عمل میں آ جائے گی۔

دوسری جانب اس ضمن میں حکومت، اتحادیوں اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان بات چیت مکمل ہو چکی ہے۔ حکومت کو امید ہے کہ صدرِ مملکت عارف علوی اس عمل میں رکاوٹ پیدا نہیں کریں گے، آرمی چیف سے متعلق سمری نہیں روکیں گے۔تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کہہ چکے ہیں کہ انہیں کسی کے آرمی چیف بننے پر کوئی اعتراض نہیں اور اس سلسلے میں ان کی کوئی چوائس نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ صدر عارف علوی نئے آرمی چیف سے متعلق سمری نہیں روکیں گے، وفاقی وزیر خواجہ آصف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آرمی چیف کے تقرر کا عمل پیر سے شروع ہو کر منگل، بدھ تک مکمل ہو جائے گا۔ذرائع کے مطابق موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 29 نومبر کو ریٹائر ہوجائیں گے، ان کی ریٹائرمنٹ سے قبل 27 نومبر کو نئے آرمی چیف کا اعلان کر دیا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button