کورونا وائرس کی ویکسین پر اربوں ڈالرز خرچ کرنے کا فیصلہ

دنیا کے امیر تریں شخص اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے کورونا وائرس کی وبا کو روکنے کےلیے اربوں ڈالرز خرچ کرنے اعلان کردیا۔
کورونا وائرس کے خلاف تیار کی جانے والی 7 بہترین ویکسینز کےلیے فیکٹریوں کی تعمیر پر بل گیٹس اربوں ڈالرز خرچ کریں گے۔
ایک ٹی وی شو کے دوران بل گیٹس نے کہا کہ ان کا فلاحی ادارہ گیٹس فاؤنڈیشن کورونا وائرس کی وباء کے خلاف لڑنے کے حوالے سے حکومتوں سے زیادہ تیز کام کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا ‘کیوں کہ ہمارا ادارہ وبائی امراض کے حوالے سے مہارت رکھتا ہے، ہم نے وبا کے بارے میں سوچ رکھا تھا، ہم کچھ امور جیسے ویکسین کی تیاری کے حوالے سے زیادہ تیار ہیں، ہماری سرمایہ کاری تیاری کے عمل کی رفتار کو تیز کرسکتی ہے’۔ انہوں نے کہا کہ تیاری کے مراحل سے گزرنے والی متعدد ویکسینز میں سے 7 بہترین کا انتخاب اور ان کی تیاری کےلیے فیکٹریاں تعمیر کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا ‘اگرچہ ہم آخر میں ان میں سے 2 کا ہی انتخاب کریں گے، مگر ہم تمام ویکسینز کےلیے الگ الگ فیکٹریوں کی تعمیر پر سرمایہ لگائیں گے، ہوسکتا ہے کہ اربوں ڈالرز ضائع ہوجائیں مگر آخر میں موثر ترین ویکسین کی فیکٹری کےلیے وقت ضرور بچ جائے گا’۔ ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کی تیاری اور فیکٹری کی بیک وقت تعمیر کرنا، ویکسین کو تیزی سے تیار کرنے کےلیے ضروری ہے۔
گزشتہ دنوں ایک مضمون میں انہوں نے کہا تھا کہ ویکسین کی تیاری میں 18 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے اور اس وقت بہتر نظر آنے والی کچھ ویکسینز کےلیے منفرد آلات درکار ہیں۔
بل گیٹس نے کہا ‘ہوسکتا ہے کہ کچھ ارب ڈالرز ہم فیکٹریوں کی تعمیر پر ضائع کردیں اور آخر میں کسی اور بہتر ویکسین کا انتخاب کرلیا جائے، مگر موجودہ صورت حال میں چند ارب ڈالرز، ان کھربوں ڈالرز سے بہتر ہیں جو معاشی نقصان کی نذر ہوگئے’۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس طرح کئی ماہ ضائع ہونے سے بچالیں گے کیوں کہ اس وقت ہر مہینہ قیمتی ہے۔ بل گیٹس نے امریکی حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ ہر ریاست میں سخت لاک ڈائون کو یقینی بنائے۔
ان کے خیال میں امریکا بھر میں مزید 10 ہفتے کا سخت لاک ڈائون موجودہ بحران پر موثر طریقے سے قابو پانے میں مدد دے سکے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close