کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی مگر یہ پہلے ملے گی کس کو؟

کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی پہلی کھیپ آج چین سے پاکستان پہنچ گئی ہے۔ پاکستان فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین سے یہ ویکسین لے کر پیر کی صبح نورخان ایئربیس پہنچا، جہاں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان موجود تھے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویکسین چین کی طرف سے تحفہ ہے۔ انہوں نے اس پر چین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ’سائنوفام ویکسین کا پہلا بیچ (کھیپ) ملا ہے! اس کےلیے انتھک محنت کرنے والے ہر شخص کا شکر گزار ہوں۔‘
خیال رہے کہ اس سے قبل اتور کی صبح پاکستان فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین سے کووِڈ 19 سے بچاؤ کی ویکسین کی پہلی کھیپ لینے روانہ ہوا تھا۔
چین کی سرکاری دوا ساز کپمنی کی تیارکردہ ویکسین سائنو فارم کی پانچ لاکھ خوراکیں چین کی جانب سے پاکستان کو عطیہ کی گئی ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملک میں ویکسین کے انتظام اور ترسیل کےلیے جامع حکمت عملی اور اقدامات کو پہلے ہی حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں ویکسین محفوظ کرنے کےلیے اور محتلف صوبوں بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں ویکسین پہنچانے کے تمام ضروری اقدامت بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ کورونا ویکسین کی رجسٹریشن اور اس کے انتظام کی نگرانی کےلیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے آن لائن پورٹل نیشنل ایمونائزیشن مینجمنٹ سسٹم (این آئی ایم ایس) بنایا گیا ہے۔ ویکسین لگانے کےلیے ملک میں اضلاع اور تحصیل کی سطح پر متعدد ویکسین مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں جا کر کووڈ 19 سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی جا سکتی ہے۔ پہلے مرحلے میں صحت کے عملے کو ویکسین لگائی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں ساٹھ سال یا اس سے بڑی عمر کے افراد کو یہ ویکسین لگائی جائے گی۔ ویکسین کی فراہمی کے قومی ادارے (ای پی آئی) کے حکام کا کہنا ہے کہ 60 سال اور اسے بڑی عمر کے افراد کا ڈیٹا شہریوں کی رجسٹریشن کے قومی ادارے نادرا سے حاصل کر لیا گیا ہے۔ تیسرے مرحلے میں اٹھارہ سال اور اس سے بڑی عمر کے افراد کو ویکسین فراہم کی جائے گی۔ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ 18 سال سے کم عمر افراد کو ویکسین نہیں لگائی جائے گی۔ چین کی سرکاری دوا ساز کمپنی کی جانب سے بنائی گئی کورونا ویکسین سائنو فارم کو محفوظ رکھنے کےلیے دو سے آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت درکار ہے۔ لہٰذا ہر ویکسین سینٹر پر ویکسین کو محفوظ رکھنے کےلیے ایک خاص ‘آئی ایل آر’ ریفریجریٹر رکھا گیا ہے، جہاں اس ویکسین کو حفاظت سے رکھا جائے گا۔ عموماً ویکسین چھوٹی بوتلوں ‘وائل’ میں دستیاب ہوتی ہے لیکن سائنو فارم ویکسین کی ہر خوراک ایک سرنج میں بھری ہوئی آئے گی، جسے لگانے کے بعد توڑ کر پھینک دیا جائے گا تاکہ یہ سرنج دوبارہ استعمال نہ کی جا سکے۔ اس ویکسین کی دو خوراکیں ہیں۔ پہلی خوراک کے 21 دن کے بعد دوسری خوراک دی جائے گی۔ سائنو فارم کورونا سے بچاؤ میں 79.35 فیصد موثر ہے لیکن اس کےلیے ضروری ہیں کہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائیں جائیں۔
وہ تمام افراد جو اپنے آپ کو کورونا ویکسین کےلیے رجسٹر کروانا چاہتے ہیں انہیں یہ طریقہ کار اپنانا ہو گا۔
• اپنا شناختی کارڈ نمبر اپنے موبائل فون سے 1166 پر ایس ایم ایس کریں۔ رجسٹریشن کےلیے این آئی ایم ایس کی ویب سائٹ کا استعمال بھی کیا جا سکے گا
• آپ کے شناختی کارڈ کے موجودہ پتے کے مطابق آپ کو قریبی ویکسین سنٹر کا پتہ ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجا جائے گا
• جب ویکسین دستیاب ہوجائے تو رجسٹریشن کروانے والے افراد کو ایس ایم ایس کے ذریعے ایک مخصوص تاریخ اور وقت بتا کر ویکسین لگانے کےلیے بلایا جائے گا اور اس کے ساتھ صارفین کو ایک کوڈ میں بھی موصول ہو گا
• اگر آپ دیے گئے ویکسین سنٹر پر نہیں جا سکتے تو آپ 1166 پر کال کر کے یا این آئی ایم ایس کی ویب سائٹ پر جا کر اپنا سنٹر تبدیل کروا سکتے ہیں
• شہریوں کو ان کےلیے مختص کردہ ویکسین سنٹر پر ہی بتائی گئی تاریخ اور وقت پر جانا ہو گا

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button