وزیراعلیٰ سندھ کے بہنوئی کرونا وائرس سے جاں بحق

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے بہنوئی سید مہدی شاہ کرونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئے۔سید مہدی شاہ عراق اور شام کی زیارت سے واپس آئے تھے اور 10 ٍمارچ کو ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے بہنوئی وائرس کی تشخیص کے بعد سے مستقل کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے اور آج انتقال کر گئے، جس کی ہسپتال ذرائع اور صوبائی وزرا نے تصدیق کردی ہے۔ وزیر تعلیم سندھ اور سینیٹر سعید غنی نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں سید مہدی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے بہنوئی کئی دن سے نجی ہسپتال میں زیر علاج اور وینٹی لیٹر پر تھے۔سید مہدی شاہ ایم ڈی سائٹ اور 19گریڈ کے افسر تھے۔
گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے وزیر اعلیٰ سندھ کے بہنوئی کے انتقال ہر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے سید مہدی شاہ کے انتقال پر اظہار افسوس اور تعزیت کی.انہوں نے کہا کہ سید مہدی شاہ خوش اخلاق اور نفیس انسان تھے، مرحوم کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہیں، ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائیں اور مرحوم کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
یاد رہے کہ یہ پاکستان میں کسی اعلیٰ افسر کی کورونا وائرس سے ہلاکت کا پہلا واقعہ ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثر اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستان میں اب تک وائرس سے کم از کم 4ہزار 479 افراد متاثر اور 65 ہلاک ہو چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close