شہزادی کیٹ کی شلوار قمیض اب پاکستان میں بھی دستیاب

گزشتہ برس اپنے تاریخی دورہ پاکستان کے دوران برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے شلوار قمیض کا جو جوڑا پہنا تھا اس کی کاپی یا ریپلیکا اب پاکستان میں آن لائن فروخت کے لئے دستیاب ہے تاہم اس کی قیمت 30 ہزار روپے کے قریب یے۔
پاکستانی ڈیزائنر خدیجہ شاہ کے اعلان نامی برانڈ نے اس لباس کو عید کلیکشن میں لانچ کیا ہے۔ برانڈ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس شلوار قمیض کو ایک ماڈل پہنے ہوئے نظر آتی یے جب کہ اس لباس کو رائل گارڈن کا نام دیا گیا ہے۔


گزشتہ سال جب اکتوبر میں برطانوی شاہی جوڑے نے پاکستان کا دورہ کیا تو اس دوران شہزادی کیٹ مڈلٹن کا انداز ہی سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بنا تھا۔ اپنے اس 5 روزہ دورے کے دوران برطانوی شہزادی نے کئی پاکستانی ڈیزائنرز کا انتخاب کیا اور اپنے انداز سے دنیا بھر میں سب کو متاثر کیا۔ تاہم اس وقت کیڈ مڈلٹن کا ایک انداز کافی توجہ کا مرکز بنا، جب انہوں نے نامور پاکستانی برانڈ اعلان کے سفید شلوار قمیض کا انتخاب کیا جس پر سیاہ دھاگے سے کڑھائی کی گئی تھی۔ شہزادی کی جانب سے پہنا گیا یہ لباس پاکستانی خواتین میں کافی مقبول بھی ہوا جس کے بعد ڈیزائنر سے اس جوڑے کے حوالے سے کئی سوالات کیے گئے جبکہ کئی خواتین نے سوشل میڈیا پر اس جوڑے کو خریدنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
چنانچہ اب اعلان برانڈ کی ڈیزائنر خدیجہ شاہ اپنے اس لباس کو خواتین کے لیے آن لائن فروخت کے لیے لے آئی ہیں۔ وہ خواتین جو اس لباس کو حاصل کرنا چاہتی ہیں انہیں 29 ہزار 500 روپے کی بھاری رقم ادا کرنی ہوگی۔ برانڈ اعلان اس لباس کو عید کلیکشن میں دوبارہ لانچ کررہا ہے اور اسے خریدنے کی خواہشمند خواتین یہ جان لیں کہ برانڈ کا یہ لباس خاصا مہنگا ہے جبکہ اسے 100 فیصد ریشم کے کپڑے سے تیار کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال کیٹ مڈلٹن نے خدیجہ شاہ کے نام شکریہ کا ایک خط بھی لکھا تھا جس کی تصویر ڈیزائنر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی تھی۔ برطانوی شہزادی نے اپنے خط میں لکھا تھا کہ ‘دورہ پاکستان میں میری مدد کا بےحد شکریہ’ شہزادی کے مطابق وہ ڈیزائنر خدیجہ اور ان کی ٹیم کی بےحد مشکور ہیں جنہوں نے ان کے لیے اتنے بہترین ملبوسات تیار کیے۔


کیٹ مڈلٹن نے اپنے خط میں یہ بھی لکھا تھا کہ ‘پاکستان ایک بہترین ملک ہے، جہاں آکر ان دونوں کو بےحد مزح آیا’۔
اپنے خط میں شہزادی نے دوبارہ پاکستان آنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا تھا۔ جبکہ اس خط کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ڈیزائنر خدیجہ شاہ نے لکھا تھا کہ ‘انہیں اس بات کی بےحد خوشی ہے کہ میرا انتخاب کیا گیا’۔ یاد رہے کہ اپنے دورے کے دوران شہزادی نے برانڈ اعلان کے علاوہ بونینزا، ذین، اور ڈیزائنر ماہین خان کے ملبوسات بھی زیب تن کیے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close