کورونا وائرس: چینی فونز کمپنیوں کی سپلائی بھی متاثر

جان لیوا کورونا وائرس نے چینی کمپنیوں کے کاروبار کو بھی متاثر کیا ہے۔ جہاں چینی حکومت ملک بھر میں اس خطرناک وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کےلیے سرگرم عمل ہے وہیں چین میں دکانوں، ریسٹورانٹس اور دیگر کاروبار کو گزشتہ دنوں سے یا تو بند یا پھر محدود کردیا گیا ہے۔
چینی ہیلتھ کمیشن کے مطابق چین میں کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 143 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہزار 161 ہوگئی ہے۔ اس تمام صورت حال کے پیش نظر 2020 کے ابتدائی مہینوں میں وائرس کی وجہ سے چینی اسمارٹ فونز کی ترسیل بھی متاثر ہوگی۔ اسٹریٹیجی اینالیٹکس کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق 2020 کے پہلے سہ ماہی میں چین کی معروف اسمارٹ فونز بنانے والی کمپنیوں کی ترسیل میں 30 فیصد کمی متوقع ہے۔ رپورٹ میں وضاحت کی گئی ہے کہ یہ کورونا وائرس چین کی جی ڈی پی کو کم کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق 2020 میں کورونا وائرس سے اسمارٹ فونز کی عالمی ترسیل میں 2 فیصد کمی ہوسکتی ہے جب کہ چینی اسمارٹ فونز کمپنیوں کی ترسیل میں 5 فیصد کمی کے امکانات ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ اثر 2020 کی پہلی سہ ماہی میں پڑے گا جہاں ترسیل میں 30 فیصد کمی متوقع ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چین دنیا میں تقریباً 70 فیصد اسمارٹ فونز تیار کرتا ہے لہٰذا نئے سال کی چھٹیوں اور سفری پابندیوں کی وجہ سے فیکٹری کے کاموں میں تاخیر عالمی فراہمی اور تیاری کو بری طرح متاثر کرے گی۔
اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر اگلے 2 ماہ میں کورونا وائرس پر قابو نہ پایا گیا تو چین کے اسمارٹ فون کی ترسیل کی صورت حال اس سے بھی بدتر ہوسکتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button