عید کا شرعی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی

وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی جانب سے عید کی تاریخ کا اعلان کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کا شرعی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی آج کراچی میں کرے گی۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی جانب سے کل (24 مئی) کو ملک بھر میں عید ہونے کا اعلان کرنے کے بعد وزیر مذہبی امور نے اپنا ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ عید کا شرعی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی آج (23 مئی کو) کراچی میں کرے گی اور کمیٹی کے فیصلے کے مطابق پاکستان کے عوام اور حکومت عید منائے گی۔ نورالحق قادری نے کہا کہ شریعت اور دین چاند کی رویت اور شہادت پر اعتماد کرتی ہے، شہادت اور رویت کے لیے سائنس اور جدید آلات کی معاونت لی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندے کو بھی اس دفعہ مرکزی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری میرے اچھے دوست ہیں لیکن آج کل وہ چاند، چاند کھیل رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ عید کا فیصلہ علما کرام ہی کریں گے۔
خیال رہے کہ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی وزارت کے تیار کردہ چاند کے کلینڈر کے مطابق کل (24 مئی) کو پاکستان میں عیدالفطر کا پہلا دن ہوگا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ آج سانگھڑ، پسنی، جیونی، بدین اور ٹھٹھہ میں 7 بج کر 36 منٹ سے لے کر 8 بج کر 14 منٹ کے درمیان چاند دیکھا جاسکتا ہے۔ وزیر سائنس نے کہا تھا کہ پشاور میں مفتی پوپلزئی نے کل کی عید کا اعلان کیا ہے حالانکہ پشاور میں آج بھی چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close