کیا حرا مانی فلموں، ڈراموں میں ایک جیسے کرداروں سے اُکتا گئیں؟

اداکارہ حرا مانی نے انکشاف کیا ہے کہ فلموں کے کردار اور کہانیاں ڈراموں سے مختلف ہونی چاہئیں، میری حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’’ہارر‘‘ ہے جس کو دیکھ کر شائقین ضرور محظوظ ہوں گے، اس عیدالاضحیٰ پر پیش ہونے والی تین فلموں پر مبنی ’’انتھالوجی‘‘ میں حرا مانی بھی شامل ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو کے قارئین کے لیے انٹرویو دیتے ہوئے حرا مانی نے بتایا کہ فلم ڈرائونی ہے جس کو نبیل قریشی نے بنایا ہے، حرا کے مطابق انہوں نے اس فلم کے لیے ہامی صرف اس لیے ہی بھری ہے۔
حرا نے مسکراتے ہوئے کہا کہ فلم ضرور ڈرائونی ہے لیکن مجھے ڈر نہیں لگا، عید کے حوالے سے بتایا اس موقع پر تین فلمیں ریلیز ہوئی ہیں اگر کوئی ایک فلم کسی کو پسند نہیں بھی آتی تو وہاج اور مہوش کی فلم بھی ہے، اس کے ساتھ رمشا اور شہریار کی فلم بھی ہے جس سے مداح محظوظ ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس فلم میں وہ بہت سادہ نظر آئی ہیں، اس لیے زیادہ خوش ہوں، اپنی نئی ’ہارر کامیڈی‘ فلم کے بارے میں حرا نے کہا کہ اس فلم میں ایک سماجی معاملے کو اُجاگر کیا گیا ہے لیکن جب ہم نے پوچھا کہ کیا حرا کسی بھوت کے کردار میں نظر آئیں گی تو انہوں نے خاموشی سادھ لی۔
انہوں نے بتایا کہ اس فلم میں رومانس بالکل بھی نہیں ہے۔ لیکن حرا کا کہنا ہے کہ وہ روایتی ہیروئین والے بہت سے ڈراموں میں کام کرچکی ہیں کیونکہ پاکستان کی ڈراما صنعت، فلمی صنعت سے کافی بڑی ہے جس میں انہوں نے ’کشف‘، ’میرے پاس تم ہو‘، ’دو بول‘ اور ’دل موم کا دیا‘ جیسے ڈراموں میں کردار ادا کیے جو عوام کو یاد رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلم میں کچھ مختلف ہونا چاہئے اور وہی کرنے کی کوشش کی ہے کیونکہ ساری زندگی تو کوئی ہیروئین نہیں آ سکتی نا، حرا مانی کو ڈانس کا کافی شوق ہے لیکن انہیں ڈانس کرتے ہوئے کم ہی دیکھا گیا ہے، اس بارے میں وہ کہتی ہیں کہ وہ بھی ڈانس کرنا چاہتی ہیں اور ان کے ملبوسات کافی مشہور ہوتے ہیں خاص کر ان کی ساڑھیاں۔
حرا کا کہنا ہے کہ انہیں ساڑھیاں بہت پسند ہیں، ان کی والدہ نے ابھی انہیں ایک ساڑھی بھیجی بھی ہے اور جو پسند ہو وہ زیب تن کر کے اچھا ہی لگتا ہے۔حرا مانی نے یہ بھی بتایا کہ وہ کوشش کرتی ہیں کہ خود ہی تیار ہوا کریں، کسی اور کی مدد انہیں نہیں بھاتی لیکن ساتھ ہی ساتھ انہوں نے بتایا کہ آنے والی فلم میں انہوں نے ساڑھی نہیں پہنی ہے، لیکن اس ’انتھالوجی‘ میں مہوش حیات نے ساڑھی باندھی ہے۔
سوشل میڈیا ہر ہونے والی نکتہ چینی کے بارے میں حرا نے کہا کہ ’ویسے تو مجھے زیادہ تر پیار ہی ملتا ہے اور تنقید سے انسان سیکھتا ہے، بہت سیکھتا ہے، ویسے میں اسے زیادہ اہمیت نہیں دیتی، حرا مانی کے انسٹا گرام پر تقریباً 75 لاکھ فالوورز ہیں۔
حرا نے اس حوالے سے کہا کہ میں اتنی ذمے داری نہیں لے سکتی، ٹی وی کی حد تک میں دیکھتی ہوں کہ کچھ غلط نا ہو جائے باقی لوگوں کا کام ہے کہنا کوئی فرق نہیں پڑتا، آخر میں حرا نے بتایا کہ وہ چاہتی ہیں کہ انہیں حرا مانی کہہ کر پکارا جائے، حرا سلمان کہہ کر نہیں، کوئی حرا سلمان کہتا ہے تو مجھے غصہ آ جاتا ہے، حرا مانی ہی کہیں۔

Related Articles

Back to top button