’’پسوڑی‘‘ پاکستان، بھارت کے بعد امریکہ کو بھی فتح کرنے لگا


علی سیٹھی اور شے گل کے گائے ہوئے کوک سٹوڈیو کے گانے ’’پسوڑی‘‘ نے پاکستان اور بھارت کے بعد اب امریکہ میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے ہیں۔ یہ گانا امریکہ میں رہائش پذیر پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ امریکیوں میں بھی خاصا مقبول ہو رہا ہے اور اب تو معروف امریکی گلوکارہ برٹنی سپیئرز نے بھی بھی اس کے لئے اپنا اظہار پسندیدگی کر دیا ہے۔
’’پرنسز آف پاپ‘‘ کہلانے والی برٹنی سپیئرز نے پسوڑی گانے کے ساتھ ویڈیو شیئر کی ہے، جس کے بعد کوک سٹوڈیو کے پروڈیوسر ذوالفقار خان زلفی اور ’پسوڑی‘ کے گلوکار علی سیٹھی نے برٹنی سپیئرز کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو پر خیالات کا اظہار بھی کیا۔ امریکی گلوکارہ نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ انسٹاگرام پر سمال کچن میں ’پین کیک‘ بنانے کی ویڈیو شیئر کی ہے جس کے بیک گراؤنڈ میں کوک سٹوڈیو کا گانا پسوڑی سنا جا سکتا ہے۔
برٹنی سپیئرز نے گانے کی ویڈٰیو شیئر کرتے ہوئے گانے کا نام، اس کے گلوکار علی سیٹھی اور شے گل کو مینشن بھی کیا، کوک سٹوڈیو کے پروڈیوسر ذوالفقار زلفی نے برٹنی سپیئرز کی ویڈیو پر لکھا ’’یہ جان کر اچھا لگ رہا ہے کہ ہمارے گانے مختلف ثقافتوں اور ان کے لوگوں میں بھی سنے جا رہے ہیں۔‘‘پاکستانی گلوکار علی سیٹھی نے بھی برٹنی سپیئرز کی جانب سے شیئر کی گئی ان کے گانے پسوڑی کی ویڈیو پر خوشگوار حیریت کا اظہار کیا، انسٹا گرام پر شیئر ہونے کے بعد اس گانے کو ٹوئٹر تک پہنچنے میں زیادہ دیر نہیں لگی۔
صارف پرویش نے لکھا کہ ’’بھائی، پسوڑی برٹنی تک پہنچ گیا ہے‘‘، یاد رہے اس سے قبل ڈچ گلوگار نے بھی پسوڑی گانے کو ری میک کیا جس کو بہت پسند کیا گیا۔اس کے علاوہ بھارت کے متعدد ڈانسرز نے پسوڑی گانے پر رقص کی ویڈیوز بنائی ہیں جس میں ڈانس کے ذریعے گانے کا تھیم سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے۔واضح رہے کہ ’’کوک سٹوڈیو‘‘ کے پانچویں گانے ’’پسوڑی‘‘ کو گزشتہ ماہ 7 فروری کو ریلیز کیا گیا تھا اور گانا پہلے 24 گھنٹوں میں 10 لاکھ بار دیکھا جانے والا کوک سٹوڈیو سیزن 14 کا پہلا گانا بنا تھا۔

Related Articles

Back to top button