بختاور بھٹو کی منگنی کس سے ہو رہی ہے؟ اہم بیان جاری کر دیا

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے سابق وزیراعظم بےنظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا ہے۔
پی پی پی میڈیا سیل کا کہنا ہے کہ منگنی کے حوالے سے سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر کئی متضاد خبریں سامنے آرہی ہیں جس کی وجہ سے یہ بیان جاری کیا گیا ہے۔ جاری بیان میں بختاور بھٹو زرداری کی منگنی 27 نومبر کو محمود چوہدری کے ساتھ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ محمود چوہدری لاہور کے پرانے قصبے سے تعلق رکھنے والے محمد یونس اور بیگم ثریا محمود کے صاحبزادے ہیں۔
محمد یونس نے 1973 میں متحدہ عرب امارات ہجرت کی اور کڑی محنت سے کنسٹرکشن اور ٹرانسپورٹ بزنس کھڑا کیا۔ پانچ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے محمود چوہدری 28 جولائی 1988 کو ابوظہبی میں پیدا ہوئے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ “محمود نے پرائمری تعلیم ابوظہبی جب کہ سیکنڈری تعلیم برطانیہ سے حاصل کی، محمود چوہدری نے قانون کی مزید تعلیم یونیورسٹی آف ڈرھم انگلینڈ سے حاصل کی۔ محمود خاندان کے رہائش پزیر ملک متحدہ عرب امارات میں کنسٹرکشن، فنانس اور ٹیکنالوجی کا بزنس سنبھالے ہوئے ہیں۔” بختاور بھٹو زرداری نے بھی اس بیان کو ری ٹوئیٹ کرتے ہوئے نیک تمناؤں کے اظہار پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ لکھا کہ بدقسمتی سے تقریب کے کارڈز باضابطہ طور پر بھیجے جانے سے قبل ہی لیک ہوگئے۔
انہوں نے واضح کیا کہ محمود چوہدری کا کسی امریکی خاندان سے تعلق نہیں ہے جیسا کہ میڈیا پر بتایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس بیان کے بعد تمام غلط فہمیاں دور جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!
Close