دپیکا پڈوکون ہالی ووڈ میں واپسی کیلئے تیار

بالی وڈ ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون کے حوالے سے خبر ہے کہ وہ جلد ہی تقریبا 5 سال بعد ہولی وڈ میں واپسی کریں گی۔دپیکا پڈوکون نے 2017 کی ایکشن تھرلر فلم ’ٹرپل ایکس: دی ریٹرن آف زینڈر کیج‘کےذریعے ہولی وڈ ڈیبیو کیا تھا تاہم اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ وہ جلد ہی ایک رومانٹک کلچرل کامیڈی فلم میں دکھائی دیں گی۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق دپیکا پڈوکون کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی کہ وہ جلد ہی ہولی وڈ فلم میں دکھائی دیں گی۔اداکارہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وہ فلم میں مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی جب کہ ساتھ ہی وہ فلم کی شریک پروڈیوسر بھی ہوں گی۔دپیکا پڈوکون مذکورہ فلم کو امریکی پروڈکشن ہاؤسز کے ساتھ مل کر بنائیں گی اور یہ ان کی پہلی ہولی وڈ پروڈکشن فلم ہوگی۔

 دپیکا پڈوکون کے شریک پروڈیوسر کی جانب سے بھی جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی کہ جلد ہی فلم کی بھارت و امریکا میں شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کی ہدایات کون دے گا اور اس کی دیگر کاسٹ میں کون سے اداکار شامل ہیں۔ابھی فلم کی مکمل کہانی سے متعلق بھی اعلان نہیں کیا گیا، تاہم بتایا گیا کہ مذکورہ فلم رومانٹک کلچرل ہوگی اور ممکنہ طور پر فلم میں مغربی و مشرقی جوڑے کے رومانس کو دکھایا جائے گا۔

مذکورہ فلم سے قبل دپیکا پڈوکون 2017 کی کامیاب فلم ’ٹرپل ایکس: دی ریٹرن آف زینڈر کیج‘ میں دکھائی دی تھیں۔مذکورہ فلم میں انہوں نے جاسوس خاتون کا کردارادا کیا تھا، انہوں نے ہیرو ون ڈیزل کو اپنے مقاصد پورے کرنے کے لیے مدد فراہم کی تھی۔یہ چہ مگوئیاں بھی تھیں کہ دپیکا پڈوکون ممکنہ طور پر ’ٹرپل ایکس‘ سیریز کی چوتھی فلم کا بھی حصہ ہوں گی، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔

علاوہ ازیں یہ چہ مگوئیاں بھی تھیں کہ اگر دپیکا پڈوکون سیریز کی چوتھی فلم کا حصہ نہ بھی ہوئیں تو وہ مذکورہ فلم میں ’لنگی ڈانس‘ آئٹم سانگ کرتی دکھائی دیں گی، تاہم اس کی بھی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔’ٹرپل ایکس‘ سیریز کی ٹیم نے تاحال چوتھی فلم کے حوالےسے کوئی مزید اعلانات بھی نہیں کیے اور فلم کا منصوبہ گزشتہ تین سال سے تاخیر کا شکار ہے۔

Related Articles

Back to top button