جلسوں کی وجہ سے کوئی کورونا نہیں پھیل رہا

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ جلسوں کی وجہ سے کوئی کورونا نہیں پھیل رہا، ملک کو سب سے زیادہ خطرہ عمران خان سے ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کورونا ہونے کو ایک آدمی سے بھی ہوجاتا ہے، پوچھتا ہوں کہ کیا حکومت کے پاس کوئی ڈیٹا ہے جس سے بتا سکیں کہ جلسوں سے کتنے افراد کو کورونا ہوا، جلسوں کی وجہ سے کوئی کورونا نہیں پھیل رہا، ملک کو سب سے زیادہ خطرہ عمران خان سے ہے، وہ سیاست کو دشمنی میں لے گئے ہیں، جتنی جلدی ممکن ہوا قوم اس حکومت کو گھر بھیجے گی۔ لیگی رہنما نے کہا کہ احد چیمہ بے قصور تھے لیکن انہیں 3 سال تک پابند سلاسل رکھا گیا، نیب کے پاس سپریم کورٹ کے سوالات کے جواب نہیں ہوتے، بے جا قید میں رکھنے والوں کے خلاف قانون سازی ہونی چاہیے، جو کسی کو بے قصور قید میں رکھے اس کو سزا ہونی چاہیے، ہمارا مطالبہ تھا کہ شہباز شریف کو دو ہفتوں کا پے رول دیا جائے، وزیر اعلی کے پاس اختیارات ہیں کہ وہ 15 دن کی بھی پیرول کی اجازت دے سکتے ہیں۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو 30 نومبر کے جلسے میں ویڈیو لنک سے خطاب کریں گے،حکومت کو چاہیے تھا کہ کورونا کے حوالے سے پالیسی بناتے وقت اپوزیشن کو اعتماد میں لیتے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!
Close