ذہن کی آزمائش کرنے والا حیرت انگیز تعمیراتی منصوبہ

چین اپنے حیرت انگیز تعمیراتی منصوبوں کےلیے مشہور ہے اور ہر جگہ شاہراؤں، فلائی اوورز کا جال بچھایا ہوا ہے۔
مگر چین کے پہاڑی صوبے گوئیژو کا چیان چن انٹرچینج تو دماغ گھمادینے والا ہے جو کسی رولر کوسٹر کی طرح اس پر سفر کرنے والے کی ذہنی صلاحیت کا امتحان لیتا محسوس ہوتا ہے۔ اس انٹرچینج کی تعمیر اس صوبے کے شہر چنگ چونگ میں 2009 میں شروع ہوئی تھی اور 2017 میں اسے ٹریفک کےلیے کھولا گیا۔ ہوسکتا ہے کہ آپ کو یقین نہ آئے مگر یہ انٹرچینج 5 منزلہ یا لیولز پر مشتمل ہے۔ ان 5 لیولز میں مجموعی طور پر 18 مختلف ریمپس ہیں جو 8 مختلف راستوں کی جانب جاتے ہیں اور اس کا بلند ترین ریمپ زمین سے 37 میٹر بلند ہے۔ یہ ایسا پیچیدہ انٹرچینج ہے جسے اپنی اپنی منازل کی جانب بڑھنے والے ڈرائیور کے بھیانک خواب کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ بیشتر ڈرائیورز کو اگر راستہ یاد نہ ہو تو ان کےلیے اسمارٹ فون پر ڈیجیٹل نقشے کی مدد لینا ضروری ہوجاتا ہے، ورنہ راستہ بھولنے کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے۔ جب یہ تعمیر ہوا تھا تو اس کے کچھ ماہ بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے نشاندہی کی تھی کہ اکثر جی پی ایس سسٹم بھی 5 مختلف لیولز کے باعث الجھن کا شکار ہوجاتا ہے اور راستہ بتانے سے قاصر ہوجاتا ہے۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس انٹرچینج پر راستوں کی سمت اور باہر نکلنے کے راستوں کی واضح نشاندہی کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اگر کوئی ڈرائیور غلط سمت پر چڑھ بھی جائے تو بھی ایک کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر اس کے پاس درست سمت پر جانے کا آپشن موجود ہوتا ہے۔ اس مقصد کےلیے 15 ریمپس موجود ہیں جو گاڑیوں کو ایک سے دوسرے لیول پر جانے میں مدد دیتے ہیں۔16 ہزار میٹر طویل اس انٹرچینج کا مقصد چنگ چونگ کی بڑھتی آبادی کو شہر کے مرکز، ایئرپورٹ اور ایکسپریس وے سے منسلک کرنا ہے کیوں کہ ہر ریمپ ایک مختلف علاقے کی جانب لے جاتا ہے۔ اس پر اب لوگوں کو سفر کرتے ہوئے 4 سال ہونے والے ہیں مگر اس کی تصاویر برسوں سے لوگوں کے اشتیاق کو بڑھا رہی ہیں۔ اور اس کا ڈیزائن دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس کا ڈیزائن بنانے میں بھی انجنیئرز کو کافی محنت کرنا پڑی ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close
%d bloggers like this: